بلوچستان حکومت کا بڑا فیصلہ، اساتذہ سے تمام غیر تدریسی ذمہ داریاں واپس، فوکل پرسن کی تعیناتیاں ختم

"اساتذہ کی اولین ذمہ داری تدریس ہے، انہیں غیر تدریسی فرائض سے آزاد کر کے تعلیمی معیار اور طلبہ کی بہتر تعلیم پر مکمل توجہ یقینی بنائی جائے گی۔”

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):حکومت بلوچستان کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے جمعرات کے روز ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اساتذہ کو ترقیاتی منصوبوں اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس (پی ایم یوز) میں سونپی گئی تمام غیر تدریسی ذمہ داریاں فوری طور پر واپس لے لی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس سے قبل جاری کیے گئے تمام احکامات منسوخ کرتے ہوئے اساتذہ کی بطور فوکل پرسن تمام نامزدگیاں اور تعیناتیاں فوری طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی استاد سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی پیشگی منظوری اور باضابطہ نوٹیفکیشن کے بغیر کسی بھی ترقیاتی منصوبے، پی ایم یو یا اسی نوعیت کی ذمہ داری انجام نہیں دے سکے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی ایجوکیشن افسران اپنے اپنے اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، رابطہ کاری، رپورٹنگ اور عملدرآمد کے خود ذمہ دار ہوں گے اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان امور کی نگرانی کریں گے۔محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی استاد باضابطہ نوٹیفکیشن کے بغیر کسی اسکول کا دورہ بطور فوکل پرسن نہیں کرے گا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔