اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں علمی، فکری اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے ”مجلسِ فکر و ادب“ کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا۔ اس علمی و فکری فورم کا افتتاح کلیہ عربی و علومِ اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کیا۔مجلس کے قیام کا بنیادی مقصد اساتذہ، محققین اور طلبہ کو فکری مکالمے، تحقیقی مباحث اور تخلیقی و ادبی سرگرمیوں کے …
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”مجلسِ فکر و ادب“ کا قیام

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں علمی، فکری اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے ”مجلسِ فکر و ادب“ کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا۔ اس علمی و فکری فورم کا افتتاح کلیہ عربی و علومِ اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کیا۔مجلس کے قیام کا بنیادی مقصد اساتذہ، محققین اور طلبہ کو فکری مکالمے، تحقیقی مباحث اور تخلیقی و ادبی سرگرمیوں کے لئے ایک مؤثر، منظم اور پائیدار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں علم، فکر اور تہذیب کے مختلف پہلوؤں پر سنجیدہ اور بامقصد گفتگو کو فروغ دیا جا سکے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کہا کہ ”مجلسِ فکر و ادب“ جامعہ کی علمی، فکری اور تہذیبی شناخت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عصرِ حاضر میں جامعات محض طلبہ کی تعداد، رینکنگ اور ظاہری کامیابیوں کی دوڑ میں مصروف ہو گئی ہیں حالانکہ جامعات کا اصل فریضہ صرف تعلیم، ڈگری یا ڈپلومہ کی فراہمی نہیں بلکہ قومی، فکری اور پیچیدہ معاشرتی مسائل کے حل کی جستجو ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ملٹی ڈسپلنری اپروچ اپنانا ناگزیر ہے اور ایسے دانشور تیار کرنے کی ضرورت ہے جو سماج کی فکری رہنمائی کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران میں یہ صلاحیت اور پوٹینشل بدرجہ اتم موجود ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ طاہر اسلام نے کہا کہ اس فورم کے تحت تخلیقی اور فکری کاوشوں کو موضوعِ بحث بنایا جائے گا، علمی و ادبی شاہکاروں کا تنقیدی مطالعہ کیا جائے گا، نئے اور منفرد آئیڈیاز پر گفتگو ہوگی، محققین اور مصنفین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور علمی مکالمے کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ ”مجلسِ فکر و ادب“ کا قیام شعبہ فکرِ اسلامی، تاریخ و ثقافت کی جانب سے عمل میں لایا گیا ہے۔ اس موقع پر شعبے کے چیئرمین ڈاکٹر حافظ محمد سجاد نے کہا کہ مجلس کے تحت آئندہ مختلف علمی و فکری پروگرامز، لیکچرز، مذاکرے اور مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا جو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں علمی و ادبی ماحول کو مزید مضبوط اور فعال بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔








