علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری پر سیمینار
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری پر سیمینار

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کی جانب سے معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارکے مہمان خصوصی ملک کے معروف شاعر اور نقاد جلیل عالی تھے جبکہ صدارت ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کی۔ جلیل عالی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے گزشتہ برس دشمن ملک کی جارحیت کا جواب معرکہ حق و آپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں دیا اور اس کے دوران پاکستانی عوام نے علاقائیت اور اندرونی اختلافات سے نکل کر قومی یکجہتی کا عملی نمونہ پیش کیا، آج تمام عالم اسلام ہمیں قدر کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے اور پوری دنیا میں ہمارے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اب وقت ہے کہ ہمیں اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کا تعین کرنا ہوگا اور آپسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ایک متحد اور بہادر قوم کی طرح آگے بڑھنا ہے۔ ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ مہمان مقرر کی گفتگو بہت فکر انگیز تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تہذیب بہت طاقتور ہے اور اس کی آن بان شان صدیوں بعد بھی قائم ہے، قرآن میں اللہ نے مسلمانوں کیلئے اپنی مدد کا ذکر کیا ہے اور اس معرکہ حق میں بھی اللہ کی مدد اور خاص کرم شامل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت دورنہیں جب ملت اسلامیہ اور بالخصوص ملت پاکستان اپنے عروج کو دوبارہ دیکھے گی۔








