علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمودکی پاکستانی فورسز کی طرف سے معرکہ حق کے دوران دکھائی گئی جدید مہارتوں اور تکنیکوں کی تعریف

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے پاکستانی فورسز کی طرف سے معرکہ حق کے دوران دکھائی گئی جدید مہارتوں اور تکنیکوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جدید دور میں منفرد اور نادر قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے پاکستانی فورسز کی طرف سے معرکہ حق کے دوران دکھائی گئی جدید مہارتوں اور تکنیکوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں جدید دور میں منفرد اور نادر قرار دیا ہے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قومی ہیروز، قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کے دفاع میں ناقابل تسخیر دیوار کی مانند کھڑے ہو کر ثابت قدمی دکھائی۔ انہوں نے اداروں کو خود کو مضبوط بنانے کے لیے جدید علوم اور طریقہ کار اپنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا قومی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے میں مرکزی کردار ہے کیونکہ وہ شعور، ذمہ دارانہ شہریت اور معلوماتی علمی گفتگو کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق بہت بڑے مواقع فراہم کرتا ہے، ہمیں انہیں ہاتھوں سے جانے نہیں دینا چاہیے تاکہ ہم اپنے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق” کے بعد پاکستان کے بارے میں عالمی بیانیہ نمایاں طور پر تبدیل ہوا ہے، جس میں ملک پر بین الاقوامی اعتماد میں اضافہ اور اس کے بیانیے کی زیادہ قبولیت نظر آ رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ فتح عوام کے اتحاد اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی، جو اس نازک وقت میں قابلِ رشک طور پر دیکھا گیا۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ نوجوان قوم کے بیانیے کو قومی اور عالمی سطح پر تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ "تحقیق، جدت اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ میں فعال کردار ادا کر کے وہ اداروں میں اعتماد کو مضبوط کر سکتے ہیں اور اتحاد و استقامت کی ثقافت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی تعلیم، ٹیکنالوجی اور تحقیق میں تازہ ترین پیش رفت کو اپنے نصاب میں شامل کرے گی تاکہ طلبہ جدید علوم اور متعلقہ مہارتوں سے آراستہ ہوں اور وہ ملک اور عالمی سطح پر پیدا ہونے والے ابھرتے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔