علامہ محمد اقبالؒ کا تصورِ خودی امتِ مسلمہ کے لیے بیداری اور خودشناسی کا پیغام ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں آزادی، خودی اور ملی غیرت کی نئی روح پھونکی،اقبالؒ کی فکر نہ صرف قیامِ پاکستان کا فکری ماخذ ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے …

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں آزادی، خودی اور ملی غیرت کی نئی روح پھونکی،اقبالؒ کی فکر نہ صرف قیامِ پاکستان کا فکری ماخذ ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔یومِ اقبالؒ کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو جداگانہ قومیت کا شعور عطا کیا اور ایک آزاد وطن کا تصور دے کر انہیں نظریاتی سمت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علامہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی کو سمجھیں، اسے اپنی عملی زندگی میں اپنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال ریاست بنایا جا سکے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا خواب محض جغرافیائی آزادی تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ فکری، اخلاقی اور روحانی بیداری کا علمبردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام ہمیں ایمان، اتحاد، عمل اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیتا ہے۔

اسپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اقبالؒ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر وطنِ عزیز کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی، خوشحال اور پرامن ریاست بنائیں گے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی یومِ اقبالؒ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری دلوں کو بیدار اور ذہنوں کو منور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعرِ مشرق نے امتِ مسلمہ کو خودی، ایمان اور عملِ پیہم کا پیغام دیا۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان افکار کو اپنی قومی پالیسیوں، تعلیمی نظام اور اجتماعی رویوں کا حصہ بنائیں۔ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے مزید کہا کہ اقبالؒ کا یہ پیغام کہ افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا انحصار عوام کے شعور، اتحاد اور محنت پر ہے۔