علما ءکرام مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے حوصلے بلندکریں، سردار مسعود خان

مظفر آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علماءکرام ، مشائخ عظام اور آئمہ مساجد پر زور دیا کہ وہ کرونا وبا کے باعث مشکل میں پھنسے عوام کے حوصلے بلند کریں ۔ علماءکرام ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو بغیر علم کے فتوے جاری کر رہے ہیں ۔ آج مغرب کے دانشور ار مفکرین بھی اسلام کے نظام طہارت …

مظفر آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علماءکرام ، مشائخ عظام اور آئمہ مساجد پر زور دیا کہ وہ کرونا وبا کے باعث مشکل میں پھنسے عوام کے حوصلے بلند کریں ۔ علماءکرام ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو بغیر علم کے فتوے جاری کر رہے ہیں ۔ آج مغرب کے دانشور ار مفکرین بھی اسلام کے نظام طہارت کو اختیار کرنے اور اسلام کے اُصول سماجیات کو اپنانے پر زور دے رہے ہیں۔ علماءکرام اس موقع سے فائدہ اُٹھا کر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مسلمانوں اور دنیا کے دوسرے انسانوں تک پہنچائیں کیونکہ اس وقت انسانیت اسلام کی آفاقی تعلیمات اور اللہ کی طرف متوجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں مختلف مکاتب فکر کے علما کے ایک بڑے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آزاد حکومت کے سیکرٹری امور دینیہ سردار جاوید ایوب کی قیادت میں ملنے والے وفد میں مفتی محمود الحسن اشرف ، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا سید غلام یاسین شاہ ، مولانا زاہد اثری ، مولانا محمد الطاف صفی ، پروفیسر قاضی محمد ابراہیم خان ، مولانا دنیال شہاب ، مولانا مفتی محمد ابراہیم عزیز ، مولانا فرید عباس نقوی اور مولانا نذیر قادری شامل تھے ۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے علماءسے اپیل کی کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے مخیر اور صاحب حیثیت لوگوں کو زکواة ، صدقات او ر عطیات کے ذریعے معاشرے کے کمزور اور غریب لوگوں کی مدد پر آمادہ کریں ۔ علماءکرام دوسری دینی جماعتوں اور مسالک پر الزام تراشی اور تنقید کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو اسلام اور شریعت کے زریں اُصولوں کی روشنی اور ماہرین طب کی ہدایات کے مطابق رہنمائی کا فریضہ انجام دیں ۔ عوام پر صفائی ستھرائی کی اہمیت واضح کی جائے ، بار بار ہاتھ دھونے ، ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھنے، کرونا وائرس سے متاثرہ فرد سے میل جول رکھنے سے گریز کرنے ، مساجد میں صفوں کے اندر مناسب فاصلہ رکھنے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے عوام کو بتایا جائے کیونکہ یہ وہ تمام تدابیر اور احتیاطیں ہیں جن کا حوالہ حضور نبی کریمﷺ کی احادیث اور صحابہ کرام کی عملی زندگی میں ہمیں نظر آتا ہے جو اُنہوں نے مختلف مواقع اختیار کیں یا ان پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔امریکہ کے کشمیر الاشاعت اور شہر آفاق جریدہ نیوز ویک کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ نیوز ویک میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں مشہور امریکی دانشور اور رائس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کریگ کانسیڈائن نے کہاہے کہ کرونا وائرس جیسی وبا ئی امراض سے بچنے کے لیے نبی کریم حضرت محمدﷺ نے تیرہ سو سال پہلے ہی وہ سب کچھ بتا دیا تھا جسے آج دنیا اختیار کر رہی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دنیا جس طریقہ سے صفائی ستھرائی کی طرف متوجہ ہے کرونا ختم ہونے سے پہلے پوری انسانیت طہارت کے اعتبار سے باوضو ہو چکی ہو گی ۔ یہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ہمارے پاس یہ تمام ہدایات اور رہنما اُصول پہلے سے موجود ہیں بس صرف عمل کرنے کی ضرورت ہے جس کی طرف علماءعوام کو راغب کریں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ حفظان صحت اور طبی ماہرین کی ہدایات پر ا ن کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

مزید خبریں