راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):چکلالہ کینٹ کی حدود میں واقع جناح پارک کے ایڈمنسٹریٹر کرنل (ر) خالد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی عوام کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پارک کی سکیورٹی ،صفائی ،صحت مندانہ سرگرمیوں اور پارکنگ کے نظام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ یہاں آنے والے شہری بلا کسی خوف و خطر اپنی فیملی کے ساتھ انجوائے کر سکیں۔ ’’اے پی …
عوام کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے جناح پارک میں سکیورٹی ،صفائی ،صحت مندانہ سرگرمیوں اور پارکنگ کے نظام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،ایڈمنسٹریٹر

مزید خبریں
راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):چکلالہ کینٹ کی حدود میں واقع جناح پارک کے ایڈمنسٹریٹر کرنل (ر) خالد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی عوام کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پارک کی سکیورٹی ،صفائی ،صحت مندانہ سرگرمیوں اور پارکنگ کے نظام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ یہاں آنے والے شہری بلا کسی خوف و خطر اپنی فیملی کے ساتھ انجوائے کر سکیں۔
’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مصطفیٰ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت تمام پبلک پارکس کی طرح یہاں مفت انٹری ہے جہاں جوگنگ ٹریک اور اوپن جم بھی فری ہے جبکہ کرکٹ ،فٹ بال تیر اندازی سیکھنے کے لئے بنائی گئی اکیڈمی میں تربیت دینے کے لئے فیس لی جاتی ہے مگر کچھ مخصوص ایریاز ہیں جہاں بچے مفت کرکٹ اور باسکٹ بال کھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے جو نہ صرف عوام کی رہنمائی کرتے ہیں بلکہ انہیں محفوظ ماحول مہیا کرتے ہیں اور اس لئے ہم بھی چاہتے ہیں کہ راولپنڈی کے لوگ یہاں آئیں اور زندگی کا لطف اٹھائیں۔انہوں نے بتایا کہ یہاں بچوں ،خواتین کے علاوہ خصوصی افراد آتے ہیں جہاں ہمارا عملہ انہیں گیٹ پر ویل چیئر مہیا کرتا ہے اور ان کا خیال رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جناح پارک کے سکیورٹی گارڈز ،مالی اور سینیٹری ورکرز دن رات یہاں ڈیوٹی پر تعینات رہ کر صفائی ستھرائی ،باغات و پھولوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتے ہیں اور شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ پارک کے عملہ سے تعاون کریں ،گندگی نہ پھیلائیں ،پھولوں یا پودوں کو مت توڑیں اور اگر کسی بھی قسم کی شکایات ہوتو فوری انتظامیہ سے رابطہ کریں۔








