عوامی مسائل کے فوری اور بروقت حل کے لیے 12 کور کمانڈر، آئی جی ایف سی بلوچستان اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی جانب سے ایف سی بلوچستان نارتھ 139 ونگ کے تعاون سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا
عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، فریدہ ترین

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 20 اگست (اے پی پی):عوامی مسائل کے فوری اور بروقت حل کے لیے 12 کور کمانڈر، آئی جی ایف سی بلوچستان اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی جانب سے ایف سی بلوچستان نارتھ 139 ونگ کے تعاون سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری کی سربراہی ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین اور ونگ کمانڈر ایف سی 139 ونگ لیفٹیننٹ کرنل شعیب حسن نے کی ۔ ایس ایس پی خلیل اللہ کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، جناح پریس کلب کے صحافیوں محمد زمان،رضوان الزمان و دیگر بھی یہاں موجود تھے۔شہریوں اور سائلین نے اپنے دیرینہ اور درپیش مسائل کھل کر پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر اور ایف سی حکام نے شہریوں کے مسائل غور سے سنے اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کو قانونی تقاضوں کے مطابق جلد حل کرنے کی ہدایات دی گئیں ۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ایف سی بلوچستان نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کھلی کچہریوں سے عوام کو اپنے مسائل براہِ راست اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل میں بھی تیزی آتی ہے ۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام او رانتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنانا، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں شہری بلا جھجھک اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کر سکتے ہیں، جن پر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے جاتے ہیں۔ ایسے مسائل جن کے فوری حل میں قانونی یا انتظامی تقاضے شامل ہوں، انہیں بھی مقررہ طریقہ کار کے تحت جلد حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ عوام کی شکایات کا ازالہ ہماری ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔








