عوام کی مدد سے ہی کورونا کو شکست دینا ممکن ہے، لاک ڈائون سے ملک کی غریب آبادی سخت متاثر ہے، عوام ان کی مدد کے لئے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرائیں وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں، عوام کی مدد سے ہی کورونا کو شکست دینا ممکن ہے، لاک ڈائون سے ملک کی غریب آبادی سخت متاثر ہے، عوام ان کی مدد کے لئے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات …

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں، عوام کی مدد سے ہی کورونا کو شکست دینا ممکن ہے، لاک ڈائون سے ملک کی غریب آبادی سخت متاثر ہے، عوام ان کی مدد کے لئے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی حکومت کسی آفت کا مقابلہ اکیلے نہیں کر سکتی، کورونا کو شکست دینا عوام کی مدد سے ہی ممکن ہو پائے گا۔ امتحان کی اس گھڑی میں قوم سے اپیل ہے کہ قومی ذمہ داری اور اتحاد کا مظاہرہ کر کے اس جدوجہد میں حکومت کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ خدا نخواستہ اگر کورونا کی وبا پاکستان میں اٹلی جیسی صورت اختیار کرتی ہے تو ہمارے لئے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا۔ ایسے مشکل حالات سے بچنے کے لئے لازم ہے کہ ہم منظم رہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ انتہائی غریب اور ان کا انحصار روزانہ کی دیہاڑی پر ہے۔ لاک ڈائون سے ان کی زندگی کا پہیہ رکنے کا بڑا خدشہ ہے، ایسے حالات میں آپ سب پاکستانی اپنے ان غریب ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے رہیں اور ان کی مدد کے لئے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرائیں۔