گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں غذائی قلت کے شکار خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے بینظیر نشونما پروگرام کے مراکز میں اضافہ انتہائی ضروری ہے
غذائی قلت کے شکار خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے بینظیر نشونما پروگرام کے مراکز میں اضافہ ضروری ہے،گورنرخیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 16 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں غذائی قلت کے شکار خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے بینظیر نشونما پروگرام کے مراکز میں اضافہ انتہائی ضروری ہے تاکہ مستحقین کو دہلیز پر بنیادی سہولیات میسر ہوں ۔ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں مرف فاؤنڈیشن کے سینئر پروگرام منیجر نیاز محمد اور ایچ آر آفیسر حمایت اللہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ملاقات میں بینظیر نشونما پروگرام کی سرگرمیوں،اہمیت، اثرات اور غذائی قلت کے خاتمے کے لیےجاری اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئےاسے شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت صوبے میں ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے عوام کو درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید نشوونما مراکز کے قیام پر زور دیا تاکہ پروگرام کی رسائی اور افادیت کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے موجودہ مراکز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔انہوں نے مرف فاؤنڈیشن (ایم ای آرایف) کی جانب سے صحت اور غذائیت کے شعبے میں کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا۔








