وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ڈیجیٹل ترقی وسیع تر معاشی اور سماجی ترقی کے حصول کا ایک ذریعہ ہے، بہتر ڈیجیٹل رابطہ سے تیز تر، سستی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے میں مددملے گی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، سپیکٹرم کی زیادہ دستیابی اور فائیوجی خدمات کے اجرا سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور …
فائیوجی خدمات کے اجرا سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور ویب 3.0 جیسی ٹیکنالوجیز کو فروغ ملے گا، پاکستان جدید ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل ہو سکے گا، وفاقی وزیرخزانہ کا سپیکٹرم نیلامی کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ڈیجیٹل ترقی وسیع تر معاشی اور سماجی ترقی کے حصول کا ایک ذریعہ ہے، بہتر ڈیجیٹل رابطہ سے تیز تر، سستی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے میں مددملے گی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، سپیکٹرم کی زیادہ دستیابی اور فائیوجی خدمات کے اجرا سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور ویب 3.0 جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو بھی فروغ ملے گا، جس سے پاکستان ایک جدید ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل ہو سکے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کویہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے منعقدہ این جی ایم ایس/فائیوجی سپیکٹرم نیلامی کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے نیلامی کوایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی آئیگی اور ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے میں مددملےگی ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اس نیلامی کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے کی جانے والی وسیع کوششوں کے نتیجے کو آج عملی شکل میں دیکھنا باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپیکٹرم کمیٹی، جس کی صدارت انہوں نے کی، نے تفصیلی غور و خوض کے بعد ایک متوازن فریم ورک تیار کیا جس کا مقصد ایک جانب زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرنا اور دوسری جانب پاکستان کے ڈیجیٹل سفر کو آگے بڑھانے کے لیے ایک سازگار ماحولیاتی نظام پیدا کرنا تھا۔ وزیرخزانہ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ سپیکٹرم نیلامی کا عمل اس سے قبل 2021 میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سابقہ مدت کے دوران شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے مختلف حکومتوں کے دوران پالیسی کے تسلسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، مگر پالیسی کی مستقل سمت ترقی کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے اس نیلامی کو ان تمام متعلقہ فریقین کے لیے ایک اہم لمحہ قرار دیا جنہوں نے اس اقدام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ترقی بذاتِ خود کوئی آخری مقصد نہیں بلکہ وسیع تر معاشی اور سماجی ترقی کے حصول کا ایک ذریعہ ہے ہتر ڈیجیٹل رابطہ تیز تر، سستی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو ممکن بنائے گا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں بے شمار مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پاکستان کے سب سے امید افزا ترقیاتی شعبوں میں سے ایک خاص طور پر برآمدات میں اضافے کو مزید مضبوط کرے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا کردار ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے نجی شعبہ معاشی ترقی کی قیادت کر سکے۔ اس ضمن میں انہوں نے ڈیجیٹل ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے جاری مختلف اقدامات کا ذکر کیا، جن میں فری لانسرز کی معاونت، وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع، ادائیگی کے نظام کی ترقی اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیکٹرم کی زیادہ دستیابی اور فائیوجی خدمات کے اجرا سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور ویب 3.0 جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو بھی فروغ ملے گا، جس سے پاکستان ایک جدید ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل ہو سکے گا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ بہتر رابطہ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر خاص طور پر بحران کے اوقات میں نہایت اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔ وزیر اعظم کے ایک روز قبل کیے گئے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل صلاحیت ایسے مواقع پر آن لائن تعلیم، ریموٹ ورکنگ اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کی جانب ہموار منتقلی کو ممکن بنائے گی۔ سینیٹر اورنگزیب نے اسپیکٹرم کمیٹی کے ارکان اور تمام متعلقہ فریقین کا اس سنگِ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسپیکٹرم نیلامی سے پاکستان بھر میں بہتر رابطہ، جدت اور معاشی مواقع کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔








