فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور حکومت بلوچستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور حکومت بلوچستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی (ایف جے ڈبلیو یو) نے بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیمی ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گریڈز-بی پراجیکٹ کے تحت فیمیل ٹیچر ایجوکیشن سکالرشپ پروگرام کے نفاذ کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن بلوچستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے۔ ایم او یو پر باضابطہ دستخط فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا اور سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن بلوچستان لال جان جعفر نے ایف جے ڈبلیو یو میں منعقدہ تقریب کے دوران کئے۔معاہدے کے تحت ایف جے ڈبلیو یو طالبات کو داخلے، تعلیمی رہنمائی، انٹرن شپ، پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی معاونت فراہم کرے گی تاکہ انہیں بلوچستان کے سرکاری تعلیمی شعبے میں بطور اہل اساتذہ خدمات انجام دینے کے قابل بنایا جا سکے۔

اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی تعلیم کو مضبوط بنانا اور پسماندہ علاقوں میں خواتین کیلئے تعلیمی مواقع کو وسعت دینا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ ایف جے ڈبلیوکو بامقصد اشتراک کے ذریعے جامع اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں معاون ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور اساتذہ کی تربیت میں سرمایہ کاری مضبوط معاشروں اور ترقی پسند سوسائٹی کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے۔سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن بلوچستان لال جان جعفر نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایف جے ڈبلیو یو کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری بلوچستان میں مستقبل کے اساتذہ کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عشرت صدیقہ لودھی، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن اور ڈائریکٹر او آر آئی سی، ایف جے ڈبلیو یو کی جانب سے فوکل پرسن ہوں گی جبکہ رومیل خان، سینئر پراجیکٹ آفیسر پی ایم یو بی ای ایس پی گریڈز-بی، محکمہ سکول ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے رابطہ کاری کے فرائض انجام دیں گے۔

بعد ازاں، لال جان جعفر نے یونیورسٹی کی مختلف سہولیات کا دورہ کیا جن میں ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن، ٹی وی اور ریڈیو وی او ڈبلیو ،ایف جے ڈبلیو یو کا خواتین کی قیادت میں قائم میڈیا پلیٹ فارم اور بزنس انکیوبیشن سینٹر شامل تھے۔ انہوں نے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور خواتین کی تعلیم، ڈیجیٹل میڈیا میں خودمختاری، کاروباری صلاحیتوں اور جدت کے فروغ کیلئے یونیورسٹی کے اقدامات کو بے حد سراہا۔انہوں نے کہا کہ ایف جے ڈبلیو یو میں موجود سہولیات اور تعلیمی ماحول بلوچستان میں تعلیمی اور ہنر مندی کے اداروں کیلئے ایک قابل قدر ماڈل فراہم کرتے ہیں اور دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔