فرانس کی عدالت نے 2023 میں اپنی اہلیہ کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے پیرس کے ایک پارک میں پھینکنے کے جرم میں ملزم کو 27 سال قید کی سزا سنا دی۔
فرانس، بیوی کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے پارک میں پھینکنے والے شوہر کو 27 سال قید

مزید خبریں
پیرس ۔11جولائی (اے پی پی):فرانس میں2023 میں اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے کر کے انہیں پیرس کے ایک پارک میں بکھیرنے والے شخص کو جمعہ کے روز 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پارک کے ملازمین کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے شمال مشرق میں واقع بٹس چومونٹ پارک سے ایک پلاسٹک کا تھیلا ملا تھا جس میں خاتون کی لاش کے ٹکڑے موجود تھے۔ یہ پارک پکنک منانے والے خاندانوں اور جاگنگ کرنے والوں میں کافی مقبول ہے۔ اگلے ہی دن خاتون کا سر بھی برآمد ہو گیا تھا۔تفتیش کاروں کے مطابق اس جوڑے کا تعلق بنیادی طور پر الجزائر سے تھا اور ان کے تین بچے ہیں۔ وہ پیرس کے مضافات میں رہتے تھے لیکن ان دونوں کے تعلقات خراب ہو چکے تھے اور وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔اس شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو صوفے پر لٹا کر کمبل سے ڈھانپ دیا، اور بچوں سے کہا کہ وہ اپنی ماں کو تنگ نہ کریں کیونکہ وہ تھکی ہوئی ہے۔ اس کے بعد وہ لاش کاٹنے والا اوزار (اینگل گرائنڈر) خریدنے باہر چلا گیا۔اس نے اگرچہ بعد میں بیوی کے فون پر پیغامات بھی بھیجے جن میں پوچھا گیا تھا کہ وہ کہاں ہے، لیکن اس نے بالآخر پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر ہی لیا۔پیرس کی ایک عدالت نے اس 53 سالہ شخص کو قتل کے جرم میں سزا سنائی۔







