متحدہ عرب اماراتی ایلچی عمر شہادہ کا جمہوریہ ڈومینیکن کا دورہ مکمل ، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

متحدہ عرب امارات کے ایلچی عمر شہادہ نے جمہوریہ ڈومینیکن کا دورہ مکمل کیا، جہاں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سانتو ڈومنگو۔11جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی برائے کیریبین و بحرالکاہل ممالک، عمر شہادہ نے جمہوریہ ڈومینیکن کا سرکاری دوطرفہ دورہ مکمل کر لیا۔

جو کیریبین خطے میں سفارتی روابط مضبوط بنانے اور تعاون کے فروغ کے لیے امارات کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق دورے کے دوران عمر شہادہ نے جمہوریہ ڈومینیکن کے صدر لوئس ابی نادر، وزیر خارجہ روبرٹو الواریز گل، نائب وزیر برائے کثیرالجہتی امور روبین آرتورو سیلیے والدیز اور نائب وزیر برائے اقتصادی امور و بین الاقوامی تعاون ہیوگو فرانسسکو رویرا فرنانڈیز سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں اقتصادی تعاون، ڈیجیٹل تبدیلی، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔دورے کے دوران عمر شہادہ نے متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں ہونے والے آئندہ بین الاقوامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور متعلقہ حکام کو اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس سمیت اہم تقریبات میں شرکت کی دعوت دی، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال 2026 کے آخر میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس آبی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں عالمی تعاون کو فروغ دینے میں بالخصوص کیریبین کے چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک کے لیے اہم کردار ادا کرے گی ۔