لاہور سمیت ممکنہ ہیٹ ویو اور شدید حبس سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ادارے متحرک ہیں، جہاں شہریوں کو بروقت امداد، طبی سہولیات اور احتیاطی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
لاہور،ممکنہ ہیٹ ویو و حبس سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اقدامات جاری

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ممکنہ ہیٹ ویو و حبس سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اقدامات جاری ہیں ، پی ڈی ایم اے نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے امدادی و ریسکیو سامان روانہ کر دیا۔
اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور بہاولپور ڈویژن کیلئے بارہ ہزار لیٹر کے3 ہینو واٹر بازر اور پانچ ہزار لیٹر کے3 ٹریکٹر واٹر بازر بھی روانہ کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ300 جیری کین، 50 کارٹن کھجوریں اور4 ہزار بوتلیں منرل واٹر بھی فراہم کر دی گئیں۔ ڈی جی خان ڈویژن کیلئے پانچ ہزار لیٹر کے2 واٹر بازر، 100 جیری کین،50 کارٹن کھجوریں اور3 ہزار بوتلیں منرل واٹر بھی فراہم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سامان کا مقصد شہریوں کو ہیٹ ویو کے اثرات سے محفوظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرز بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کو امدادی سامان کے موثر استعمال کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں ہیٹ ویو اور مون سون کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ شہریوں کو ہیٹ ویو کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔ ڈی جی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ و ریسکیو ادارے الرٹ رہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بچوں بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ڈی جی نے کہا کہ پرنٹ سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کرسکتے ہیں۔








