متوازن آبادی، تعلیم اور ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں، وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ متوازن آبادی، معیاری تعلیم اور ہنر مند نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں، اس لیے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ متوازن آبادی، تعلیم اور ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں، نوجوانوں کو جدید تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔

وزیر ریلوےنے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحت مند ماں اور محفوظ بچہ مضبوط معاشرے کی ضمانت ہیں،خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری ترقی یافتہ پاکستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے مربوط قومی حکمت عملی ناگزیر ہے، آبادی کو بوجھ نہیں بلکہ باصلاحیت انسانی سرمایہ بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جایا جا سکتا ہے، پائیدار ترقی کے لیے تعلیم، صحت اور ہنر مندی پر مسلسل سرمایہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ آبادی ہمیں ذمہ دارانہ منصوبہ بندی اور انسانی ترقی کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔