فرح ناز اکبر کا پمز ہسپتال کی نرسری میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پراظہارِ افسوس

ممبر قومی اسمبلی اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین اسلام آباد فرح ناز اکبر نے پمز ہسپتال کے ایم سی ایچ بلاک کی نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین اسلام آباد فرح ناز اکبر نے پمز ہسپتال کے ایم سی ایچ بلاک کی نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں فرح ناز اکبر نے کہا کہ پمز ہسپتال کی نرسری میں معصوم نومولود بچوں کا آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔ اس المناک واقعے پر دل انتہائی افسردہ ہے اور میں متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ جن والدین نے اپنے لختِ جگر کو کھویا ہے، ان کے لیے یہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ معصوم بچوں کے والدین اور لواحقین کے دکھ کا تصور بھی انتہائی کربناک ہے، میری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔فرح ناز اکبر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے والدین اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے اس کے اسباب کا تعین کرنے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔