فرزانہ نائیک کی انٹرنیشنل فیڈریشن اور انٹرنیشنل کمیٹی کے سربراہان سے ملاقاتیں،پائیدار انسانی ہمدردی کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے جنیوا کے دورے کے دوران انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ جنیوا تھا۔ آئی ایف آر سی ہیڈکوارٹرز میں فرزانہ نائیک نے آئی ایف …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے جنیوا کے دورے کے دوران انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ جنیوا تھا۔ آئی ایف آر سی ہیڈکوارٹرز میں فرزانہ نائیک نے آئی ایف آر سی کے سیکرٹری جنرل جگن چپّاگین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہلال احمر پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور پاکستان بھر میں مؤثر انسانی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چپّاگین نے موجودہ قیادت کے تحت ہلال احمر پاکستان میں ہونے والی مثبت تنظیمی تبدیلیوں کو سراہا اور ان اصلاحات کی طویل المدتی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں وسائل کے حصول اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے عملی طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ آئی ایف آر سی کے سیکرٹری جنرل نے ہلال احمر پاکستان کواہداف کے حصول کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے جنیوا میں آئی سی آر سی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل پیئر کراہین بیول سے ورچوئل ملاقات کی۔ کراہین بیول نے فرزانہ نائیک کی قیادت میں ہلال احمر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا اور ملک بھر میں اس کی مؤثر انسانی خدمات کا اعتراف کیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو د ہراتے ہوئے ضلع خیبر (تحصیل تیراہ) اور کرم میں کام کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

آئی سی آر سی کے ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان کے ریسٹورنگ فیملی لنکس (آر ایف ایل) پروگرام کی افادیت اور انفرادیت کو بھی سراہا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے کہا کہ جنیوا میں ہونے والی ان ملاقاتوں نے عالمی سطح پر موومنٹ کے شراکت داروں کے ساتھ ہلال احمر پاکستان کی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایف آر سی اور آئی سی آر سی کی قیادت کے ساتھ ہونے والی گفتگو نے پائیداری، شفافیت اور عملی انسانی نتائج پر مشترکہ توجہ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط شراکت داریاں پاکستان بھر میں کمزور طبقات کی مؤثر مدد کے لئے ناگزیر ہیں۔ بعد ازاں چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے دونوں اداروں کے سینئر حکام اور عالمی امدادی پروگراموں کے سربراہان سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔

ان ملاقاتوں میں جدید مالی وسائل، موسمیاتی تبدیلی، ہجرت، صحت، آفات سے نمٹنے اور ہلال احمر پاکستان کے معاون کردار کو مضبوط بنانے جیسے موضوعات شامل تھے۔ہلال احمر پاکستان کی کمیونٹی میں موجودگی، رضاکاروں کے وسیع نیٹ ورک اور انٹرنیشنل ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ موومنٹ میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا گیا۔