فلپائن، سیلاب متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا ، 17 افراد گرفتار

منیلا۔21ستمبر (اے پی پی):فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سیلاب کے بعد انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا اور پولیس نے احتجاج میں شریک کم از کم 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق مشتعل مظاہرین نے املاک کو نقصان پہنچایا اور میٹرو اسٹیشن پر توڑ پھوڑ کی، اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی …

منیلا۔21ستمبر (اے پی پی):فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سیلاب کے بعد انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا اور پولیس نے احتجاج میں شریک کم از کم 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق مشتعل مظاہرین نے املاک کو نقصان پہنچایا اور میٹرو اسٹیشن پر توڑ پھوڑ کی، اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں کم از کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق مظاہروں میں شریک 17 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے فلپائنی پارلیمنٹ کے ارکان ، حکام اور کاروباری شخصیات پر سیلاب پر قابو پانے کے منصوبوں میں بھاری کمیشن بٹورنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔منیلا میں انفراسٹرکچر منصوبوں میں بدعنوانی پر عوام کے غم و غصہ میں اس وقت اضافہ ہو ا جب صدر فرڈینینڈ مارکوس نے جولائی میں اپنے سٹیٹ آف دی نیشن خطاب میں اس پر بات کی۔

بعدازاں انہوں نے گزشتہ ہفتے کے اوائل میں کہا کہ بدعنوانی کے خلاف عوام کا احتجاج درست ہے تاہم انہوں نے مظاہروں کو پرامن رکھنے کی اپیل کی تھی ۔لیکن احتجاج کے دوران زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل گروپوں نے دو مختلف واقعات میں پولیس پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں اور صدارتی محل کی طرف جانے والے پل کے قریب رکاوٹ کے طور پر استعمال ہونے والے ٹرک کے ٹائروں کو آگ لگا دی۔

ایک اور مقام پر تصادم میں پولیس نے نقاب پوش مظاہرین کے ایک اور گروپ پر واٹر کینن کا استعمال اور پتھرائو کیا۔اتوار کی صبح دارالحکومت منیلا کے لُنیٹا پارک میں احتجاجی مظاہرے میں تقریباً 50 ہزار افراد شریک ہوئے۔دن گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید ہزاروں افراد ان میں شامل ہو گئے۔ مظاہرے کے شرکا نہ صرف چوری شدہ فنڈز کی واپسی بلکہ بدعنوانی میں ملوث افراد کو جیل بھیجنے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔

فلپائن کی وزارتِ خزانہ کے اندازوں کے مطابق فلڈ کنٹرول منصوبوں میں کرپشن کی وجہ سے فلپائنی معیشت کو 2023 سے 2025 کے درمیان 118 ارب 50 کروڑ پیسو (2 ارب ڈالر) تک کا نقصان ہوا ہے جبکہ گرین پیس کا کہنا ہے کہ اصل اعداد وشمار 18 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔ فلڈ کنٹرول منصوبوں میں کرپشن کی آواز پہلے ہی پارلیمنٹ تک پہنچ چکی ہے اور کانگریس کے دونوں ایوانوں میں قیادت کی تبدیلی کا باعث بن چکی ہے، ایوانِ نمائندگان کے سپیکر مارٹن روموالدیز نے رواں ہفتے کے اوائل میں تحقیقات شروع ہونے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔