فلپائن پاکستان سے چینی،زرعی مشینری اورٹیکسٹائل کی مصنوعات خریدنے کا خواہشمند ہے،فلپائنی سفیر

فیصل آباد۔27فروری (اے پی پی):فلپائن کی سفیر ڈان ارون سی باگاپورو نے کہا ہے کہ فلپائن پاکستان سے چینی، زرعی مشینری اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات خریدنا چاہتا ہے اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے تربیتی سہولیات بھی فراہم کر سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقا ت کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر …

فیصل آباد۔27فروری (اے پی پی):فلپائن کی سفیر ڈان ارون سی باگاپورو نے کہا ہے کہ فلپائن پاکستان سے چینی، زرعی مشینری اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات خریدنا چاہتا ہے اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے تربیتی سہولیات بھی فراہم کر سکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقا ت کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد بھی موجود تھے۔ فلپائن کی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی مفادات کوآگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ فلپائن میں چینی کی ایک مل بلیک لسٹ ہو گئی ہے جبکہ دوسری بند ہونے کے قریب ہے لہٰذااس صورتحال میں پاکستان فلپائن کی چینی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلپائن پاکستان سے چینی، زرعی مشینری اور ٹیکسٹائل کے علاوہ بہت سی مصنوعات درآمد کر سکتا ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ تاجروں سے براہ راست رابطوں کیلئے مارچ کے وسط میں خود فیصل آباد کا دورہ کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فلپائن پاکستان سے ٹیکسٹائل کی مصنوعات درآمد کر رہا ہے لیکن ان کے حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ تک فلپائن پاکستان کو بڑے پیمانے پر سروسز فراہم کر رہا تھا جس کے بعد میں اس میں کمی آگئی تاہم عالمی حالات بہتر ہونے کے باعث صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور فلپائن کا سروسز کا سیکٹر دوبارہ پاکستان میں آرہا ہے۔ فیصل آباد چیمبر کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلپائن کی ٹیکسٹائل کی تمام ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلپائن میں سیاحت کے شعبہ نے زبردست ترقی کی ہے اور پاکستان ان کے تجربہ سے فائدہ اٹھا کر اس شعبہ کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کر سکتا ہے۔ انہوں نے فلپائنی سفیر کو فیصل آباد چیمبر کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔