فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ میں برازیل کی کامیابی، عالمی رینکنگ میں سرفہرست

زیورخ۔12دسمبر (اے پی پی):برازیل نے فلپائن میں منعقدہ پہلے فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ سال کے اختتام پر مردوں کی رینکنگ میں بھی اس کا سرفہرست مقام برقرار ہے۔فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ فلپائن 2025 (21 نومبر تا 7 دسمبر) میں زبردست فتح کے بعد برازیل نے فیفا فٹسال خواتین عالمی درجہ …

زیورخ۔12دسمبر (اے پی پی):برازیل نے فلپائن میں منعقدہ پہلے فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ سال کے اختتام پر مردوں کی رینکنگ میں بھی اس کا سرفہرست مقام برقرار ہے۔فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ فلپائن 2025 (21 نومبر تا 7 دسمبر) میں زبردست فتح کے بعد برازیل نے فیفا فٹسال خواتین عالمی درجہ بندی میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔سیلیکائو (Seleção) نے فلپائن میں اپنے تمام چھ میچ جیتے جس میں 32 گول کیے اور صرف چار گول کھائے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد انہوں نے سب سے زیادہ رینکنگ پوائنٹس (88.6) حاصل کیے۔

نئے عالمی چیمپئن اب دوسرے نمبر پر موجودسپین (کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم) سے 100 سے زیادہ پوائنٹس کی برتری رکھتے ہیں۔ فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ میں دوسرے نمبر پر آنے والی پرتگال تیسرے مقام پر برقرار ہے جبکہ ارجنٹائن (چوتھا، 2 درجے کی ترقی) اور اٹلی (پانچواں، 2 درجے کی ترقی) ٹورنامنٹ کے ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کے بعد ٹاپ 5 میں شامل ہو گئے ہیں۔ ٹاپ 10 میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن کوئی بھی ٹیم اس سے باہر نہیں نکلی۔پہلا فیفا فٹسال خواتین ورلڈ کپ فٹسال کی ترقی کے لیے فیفا کے عزم میں ایک تاریخی سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے جس میں 2016ء سے اب تک 100 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

پہلی فیفا فٹسال خواتین کی عالمی درجہ بندی مئی 2024ء میں جاری کی گئی تھی جس میں 69 ٹیمیں شامل تھیں جبکہ اس پانچویں اور تازہ ترین ایڈیشن میں 91 اقوام شامل ہیں جو 31 فیصد سے زیادہ کا مجموعی اضافہ ہے۔2025ء میں 286 خواتین کے فٹسال بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے جن میں سے 80 آخری درجہ بندی اگست میں آنے کے بعد کھیلے گئے ہیں۔تنزانیہ نے اپنی ڈرامائی توسیع سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔

مشرقی افریقی ٹیم آٹھ درجے کی ترقی کے ساتھ 74ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے کیونکہ اس نے ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے کا ایک میچ جیتا اور کسی بھی سینئر فیفا ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی تنزانیائی ٹیم بن گئی۔چیکیا نے بھی 45ویں سے 37ویں نمبر پر ترقی کی ہے۔مراکش جو کوارٹر فائنل میں سپین سے ہارنے سے قبل آگے بڑھی تھی، سات درجے کی ترقی کے ساتھ 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

ان کے لیے یہ شاندار 12 مہینے رہے ہیں کیونکہ وہ 2024ء کے آخر میں 65ویں نمبر پر تھیں۔سال کا اختتام فیفا فٹسال مردوں کی عالمی درجہ بندی میں بھی برازیل کے سرفہرست رہنے پر ہو گا۔چھ بار کے عالمی چیمپئن نے دوسرے نمبر پر موجود پرتگال اور تیسرے نمبر پر موجود سپین پر اپنی برتری کو قدرے بڑھا دیا ہے۔ سرکردہ سات ممالک بدستور اپنی جگہ پر قائم ہیں۔ ٹاپ 10 میں صرف یوکرین (اب 8واں) اور قازقستان (اب 9واں) نے جگہ بدلی ہے۔نیچے کی ٹیموں میں پولینڈ (19واں، 3 درجے کی ترقی) اور ویتنام (20واں، 6 درجے کی ترقی) نے ٹاپ 20 میں جگہ بنا لی ہے، ویتنام نے پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

فیفا فٹسال مردوں کی عالمی درجہ بندی کے آخری ایڈیشن کے بعد سے دنیا بھر میں کل 230 مردوں کے بین الاقوامی میچز منعقد ہوئے ہیں جن میں اے ایف سی فٹسال ایشین کپ 2026 اور ہو ای ایف اے فٹسال یورو کے کوالیفائر شامل ہیں۔پانچ ٹیموں نے اپنی رینکنگ میں دس سے زیادہ درجے بہتری کی ہے جس میں کوریا ریپبلک (57واں، 16 درجے کی ترقی)، مونٹی نیگرو (78واں، 16 درجے کی ترقی)، موزمبیق (85واں، 12 درجے کی ترقی)، ڈنمارک (61واں، 11 درجے کی ترقی) اور ملائیشیا (70واں، 11 درجے کی ترقی) شامل ہے۔

ہنگری کے کوالیفائنگ نتائج نے انہیں 44.9 رینکنگ پوائنٹس حاصل کرائے جو مردوں کی درجہ بندی میں سب سے زیادہ ہیں اور انہیں چھ درجے کی ترقی کے ساتھ 32ویں پوزیشن پر لے گئے ہیں۔ پاکستان (138واں) اور بنگلہ دیش (139واں) نے تاریخ رقم کی ہے، ایشین کپ کوالیفائنگ (ستمبر اور اکتوبر میں منعقد ہوا) میں حصہ لینے اور تین تین میچ کھیلنے کے بعد دونوں ٹیمیں اب اپنی فٹسال مردوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی بار آمد کا جشن منا رہی ہیں۔