فیفا ورلڈ کپ، انگلینڈ اور گھانا کا گروپ ایل میں فاتحانہ آغاز

فیفا ورلڈ کپ 2026میں انگلینڈ اور گھانا نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت فاتحانہ آغاز کر دیا۔ انگلینڈ نے کروشیا 2-4گولز سے شکست دے کرایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا جبکہ گھانا نے پانامہ کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے مات دے کر میگا ایونٹ کا جاندار آغاز کر دیا۔

ٹیکساس۔18جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026میں انگلینڈ اور گھانا نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت فاتحانہ آغاز کر دیا۔ انگلینڈ نے کروشیا 2-4گولز سے شکست دے کرایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا جبکہ گھانا نے پانامہ کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے مات دے کر میگا ایونٹ کا جاندار آغاز کر دیا۔امریکی خبررساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق جمعرات کو اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم، آرلنگٹن میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ ایل کے میچ میں انگلینڈ اور کروشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انگلینڈ کی ٹیم نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا۔

ہیری کین نے دو جبکہ جوڈ بیلنگھم اور مارکس راشفورڈ نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔کروشیا کی جانب سے مارٹن باتورینا اور پیٹر موسی نے ایک، ایک گول کیا۔ یوں انگلینڈ کی ٹیم نے گروپ ایل میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ ادھر اسی گروپ کے بی ایم او فیلڈ، ٹورنٹو،کینیڈا میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں گھانا اور پانامہ آمنے سامنے تھیں جس میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد گھانا نے پانامہ کو 0-1 گول سے ہرا کر جاندار آغاز کر دیا۔ گھانا کی جانب سے کالیب یرینکی نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔