فیفا ورلڈ کپ 2026، آغاز میں 100 دن باقی، ایونٹ کے آفیشل پوسٹر کی رونمائی

نیویارک۔4مارچ (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے 100 دن قبل ٹورنامنٹ کا آفیشل پوسٹر جاری کر دیا ہے، جس میں میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کی ثقافت اور تخلیقی کارناموں کو نمایاں کیا گیا ہے۔یہ پوسٹر فیفا ورلڈ کپ 2026 پوسٹر کلیکشن کا آخری اور سب سے اہم حصہ ہے، جو گزشتہ سال جاری کیے گئے 16 میزبان شہروں کے …

نیویارک۔4مارچ (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے 100 دن قبل ٹورنامنٹ کا آفیشل پوسٹر جاری کر دیا ہے، جس میں میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کی ثقافت اور تخلیقی کارناموں کو نمایاں کیا گیا ہے۔یہ پوسٹر فیفا ورلڈ کپ 2026 پوسٹر کلیکشن کا آخری اور سب سے اہم حصہ ہے، جو گزشتہ سال جاری کیے گئے 16 میزبان شہروں کے پوسٹرز کی تکمیل کرتا ہے۔

اس کی تیاری میں تاریخ میں پہلی بار تین مختلف ممالک کے فنکاروں، کارسن ٹنگ (کینیڈا)، منروا جی ایم (میکسیکو) اور ہینک ولیس تھامس (امریکہ) نے مل کر کام کیا ہے۔ پوسٹر کا ڈیزائن فٹ بال کی دنیا کو متحد کرنے کی طاقت اور تینوں ممالک کے باہمی اشتراک کی عکاسی کرتا ہے۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس موقع پر کہاکہ آج سے ٹھیک 100 دن بعد فیفا دنیا بھر کا شمالی امریکہ میں استقبال کرے گا۔

یہ آفیشل پوسٹر اس توانائی اور تنوع کو ظاہر کرتا ہے جو اس ٹورنامنٹ کو تاریخ کا سب سے جامع ایڈیشن بنائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی سٹیڈیم سے ہوگا، جبکہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس بار ریکارڈ 104 میچز منعقد ہوں گے۔

اب تک 42 ٹیمیں ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، جن میں اردن، ازبکستان، کیپ ورڈے اور کوراؤ پہلی بار شرکت کریں گی۔ بقیہ 6 ٹیموں کا فیصلہ رواں ماہ (23 تا 31 مارچ)پلے آف میچز کے ذریعے ہو جائے گا۔فٹ بال شائقین کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا لاسٹ منٹ سیلز مرحلہ اپریل میں شروع ہوگا، جہاں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ جو شائقین وی آئی پی تجربہ چاہتے ہیں، وہ فیفا کی ویب سائٹ سے ہاسپیٹلٹی پیکجز ابھی حاصل کر سکتے ہیں۔