نیویارک۔ 21 مارچ (اے پی پی):دنیا کے سب سے بڑے کھیل 'فٹ بال' اور موسیقی کے چاہنے والوں کے لئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے باضابطہ البم کا پہلا گانا 'Lighter' عالمی سطح پر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے فٹ بال کے دیوانوں اور موسیقی کے دلدادہ افراد میں جوش و خروش کی لہر دوڑا دی ہے۔تین ممالک، ایک آواز، اس گانے کی خاص بات ٹورنامنٹ کے تین …
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے باضابطہ البم کاپہلا گانا ‘Lighter’ عالمی سطح پر ریلیز
نیویارک۔ 21 مارچ (اے پی پی):دنیا کے سب سے بڑے کھیل ‘فٹ بال’ اور موسیقی کے چاہنے والوں کے لئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے باضابطہ البم کا پہلا گانا ‘Lighter’ عالمی سطح پر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے فٹ بال کے دیوانوں اور موسیقی کے دلدادہ افراد میں جوش و خروش کی لہر دوڑا دی ہے۔تین ممالک، ایک آواز، اس گانے کی خاص بات ٹورنامنٹ کے تین میزبان ممالک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈاکے نامور فنکاروں کا اشتراک ہے۔
امریکی گلوکار جیلی رول (Jelly Roll)، میکسیکو کے کارین لیون (Carín León) اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ پروڈیوسر سرکٹ (Cirkut) نے مل کر ایک ایسی دھن ترتیب دی ہے جو مختلف ثقافتوں اور براعظموں کو ایک لڑی میں پروتی ہے۔فیفا صدرجیانی انفینٹینو نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ وہ منفرد لمحہ ہوتا ہے جب پوری دنیا ایک ہی تال پر دھڑکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گانا محض موسیقی ہی نہیں بلکہ اس عالمی کھیل کے پھیلاؤ اور اثر و رسوخ کا عکاس ہے۔ ‘Lighter’ وہ توانائی اور خوشی ہے جو سٹیڈیمز سے لے کر گلی کوچوں تک مداحوں کے دلوں کو جوڑ دے گی۔موسیقی کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالہ سے گلوکار کارین لیون نے اس منصوبہ کا حصہ بننے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی ثقافت کو دنیا بھر میں پہنچانے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔
دوسری جانب پروڈیوسر سرکٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ گانا فٹ بال شائقین میں ایک نئی روح پھونک دے گا۔ واضح رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اسی تنوع کو برقرار رکھنے کے لیے فیفا کے مکمل البم میں دنیا بھر کے مختلف فنکاروں کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ کھیل اور موسیقی کے ذریعے عالمی برادریوں کے درمیان ایک مضبوط پل تعمیر کیا جا سکے۔شائقین اب یہ گانا تمام بڑے سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر سن سکتے ہیں۔









