خرم شہزاد واشگٹن ۔28جنوری (اے پی پی):فٹ بال کی عالی تنظیم (فیفا )نے باضابطہ طور پر 'کینیڈا سلیبریٹس' (Canada Celebrates) کے نام سے ایک ملک گیر جشن کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد فیفا ورلڈ کپ 2026 کے جوش و خروش کو کینیڈا کے ہر کونے تک پہنچانا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام کے ذریعے 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک پورے ملک …
فیفا کا کینیڈا میں ورلڈ کپ 2026 کا جوش و خروش پھیلانے کیلئے ‘کینیڈا سلیبریٹس’ پروگرام لانچ ،ملک بھر میں جشن کا آغاز

مزید خبریں
خرم شہزاد
واشگٹن ۔28جنوری (اے پی پی):فٹ بال کی عالی تنظیم (فیفا )نے باضابطہ طور پر ‘کینیڈا سلیبریٹس’ (Canada Celebrates) کے نام سے ایک ملک گیر جشن کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد فیفا ورلڈ کپ 2026 کے جوش و خروش کو کینیڈا کے ہر کونے تک پہنچانا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام کے ذریعے 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک پورے ملک کی کمیونٹیز کو فٹ بال کے اس سب سے بڑے عالمی میلے میں شریک کیا جائے گا۔
اس اقدام کی بدولت کینیڈا کے 75 فیصد سے زائد رہائشیوں کو اپنے گھر سے محض دو گھنٹے کی مسافت کے اندر ان تقریبات تک رسائی حاصل ہوگی، جہاں وہ میچوں کی براہ راست نشریات (Live Feed) سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ملک بھر میں منعقد ہونے والی یہ ایک روزہ عوامی تقریبات فٹ بال کے مداحوں کو ایک چھت تلے جمع کریں گی، جہاں لائیو میچوں کے ساتھ ساتھ فٹ بال سے متعلقہ سرگرمیاں، ثقافتی پروگرام، موسیقی اور لذیذ پکوان دستیاب ہوں گے۔ کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے ساتھ مل کر اس تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور یہ پروگرام ٹورنٹو اور وینکوور جیسے میزبان شہروں سے باہر بھی ٹورنامنٹ کے جذبے اور قومی فخر کو اجاگر کرے گا۔
فیفا کے نائب صدر اور کونکاکاف کے صدر وکٹور مونٹاگلیانی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام فٹ بال کے لیے کینیڈین عوام کی محبت کا اعتراف ہے اور اس کا مقصد ورلڈ کپ کی توانائی کو براہ راست مقامی کمیونٹیز تک پہنچانا ہے۔اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز 11 جون کو کینیڈا کے مشرقی اور مغربی ساحلوں پر واقع ہیلی فیکس اور برٹش کولمبیا سے بیک وقت ہوگا۔ ملک بھر میں ایسے 40 مقامات منتخب کیے جائیں گے جہاں عوامی جگہوں کو جشن کے مراکز میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
ان مقامات پر شائقین کو نہ صرف میچ دیکھنے کی سہولت ملے گی بلکہ کینیڈا کی متنوع ثقافت اور روایات کی عکاسی بھی دیکھنے کو ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے دورے کے تحت وینکوور، کیلگری، ونی پیگ، مانٹریال، ہیلی فیکس، اوٹاوا اور ٹورنٹو میں شائقین کو اصلی ورلڈ کپ ٹرافی دیکھنے کا نایاب موقع بھی میسر آئے گا۔
فیفا اس پروگرام کے ذریعے کینیڈا کی تمام فٹ بال کمیونٹیز، بشمول پروفیشنل کلبز اور نچلی سطح (grassroots) کے ممبران کو یکجا کر رہا ہے تاکہ آنے والی نسلوں میں اس کھیل کا شوق بیدار کیا جا سکے۔ کوکا کولا کینیڈا کے جنرل منیجر اینڈی بکنگھم کے مطابق یہ ٹرافی ٹور شائقین کے لیے ناقابل فراموش تجربات تخلیق کرے گا۔ یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں 104 میچوں میں مدمقابل ہوں گی، اور ‘کینیڈا سلیبریٹس’ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پورا ملک اس تاریخی سفر کا حصہ بنے۔








