فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی ایران ۔امریکا کشیدگی میں کمی کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ

وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو عالمی سطح پر توجہ اور اعتماد حاصل کرنے پر سراہتے ہوئے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو عالمی سطح پر توجہ اور اعتماد حاصل کرنے پر سراہتے ہوئے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور ایران امریکا مذاکرات کے منطقی انجام تک تسلسل کی امید ظاہر کی۔ جمعہ کو ‘پی ٹی وی نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا شدید بے چینی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کا شکار ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں، تاہم ایسے نازک حالات میں پاکستان کی قیادت کا کردار ناقابل فراموش رہا ہے بالخصوص کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے اور تنازع سے بچاؤ کی کوششیں ایک بڑی کامیابی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غیر یقینی اور حساس ماحول میں جنگ کو روکنا اور کشیدگی میں کمی لانا پاکستان کی قیادت کا ایک بڑا کارنامہ ہے اور ملک نے ایک اہم وقت میں ذمہ دار اور تعمیری سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے جب عالمی سطح پر تناؤ عروج پر تھا۔

انہوں نے سعودی عرب، قطر، چین، ترکی اور دیگر اسلامی ممالک کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان عالمی سفارتی سطح پر ایک اہم مرکز بن کر ابھرا ہے جہاں ایشیا سمیت دیگر خطوں کے ممالک استحکام برقرار رکھنے میں اس کے کردار کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب اور قطر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ روابط پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں اور بہتر ہوتی بین الاقوامی ساکھ کی عکاسی کرتے ہیں اور دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور ایران مسلسل مذاکرات کے ذریعے مثبت نتائج کی طرف بڑھیں گے اور پائیدار امن کے لیے سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔ وفاقی وزیر نے خطے میں استحکام کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم پر امید ہے کہ بہتر دن آنے والے ہیں اور جاری سفارتی کوششیں اور حالیہ دورے حوصلہ افزا اور مثبت نتائج دیں گے۔