میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی
قائداعظم محمد علی جناح کی پوری زندگی اصول، آئین، قانون، جمہوریت اور اتحاد کا عملی نمونہ تھی، مرتضی وہاب

مزید خبریں
کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے مزار قائد پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کے حصول کی راہ ہموار کی اور مسلمانوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا عزم و حوصلہ دیا، ان کی بے مثال قیادت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی پوری زندگی اصول، آئین، قانون، جمہوریت اور اتحاد کا عملی نمونہ تھی۔ انہوں نے مسلمانوں کو ایک قوم کی حیثیت سے متحد کیا اور ایک واضح سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کے قیام کی منزل حاصل کی۔ قائداعظم کا پیغام اتحاد، تنظیم اور یقین محکم آج بھی پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے اور موجودہ حالات میں ہمیں ان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








