قائداعظم کے دوقومی نظریہ کی حقانیت آج کھل کر سامنے آ رہی ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر تقریب سے خطاب

لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے بیان کردہ دوقومی نظریہ کی حقانیت آج کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ نئی نسل کو قائداعظم کی حیات وخدمات، تحریک پاکستان، دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔آئیے مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ قائداعظم کافرمانا تھا کہ ہماری …

لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے بیان کردہ دوقومی نظریہ کی حقانیت آج کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ نئی نسل کو قائداعظم کی حیات وخدمات، تحریک پاکستان، دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔آئیے مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ قائداعظم کافرمانا تھا کہ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف اسوہ حسنہ کی اتباع میں ہے۔مضبو ط ریاست کی بنیادیں انصاف پر کھڑی ہوتی ہیں۔ ہر شعبے میں انصاف کو رواج دینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 144ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کے شرکا سے آن لائن خطاب میں کیا۔ اس تقریب کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب کی صدارت سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کی جبکہ کارکنان تحریک پاکستان مہمانان خاص تھے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، وزیراعظم جوناگڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود،سیاسی و سماجی رہنما آمنہ الفت، کنوینر مادرملت سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، صدر نظریہ پاکستان فورم میاں چنوں ڈاکٹر غزالہ وائیں، خالدہ جمیل، صفیہ اسحاق، کارکنان تحریکِ پاکستان کرنل(ر) محمد سلیم ملک، میاں محمد ابراہیم طاہر، عبدالغفور جانباز ، اساتذہ کرام ، طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یوم قائداعظم کی اس تقریب میں خطاب کی دعوت دی۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی تشکیل نو کے وقت میں بطور وزیراعلی پنجاب جو کنٹری بیوٹ کر سکتا تھا وہ میں نے کیا تھا اور یہ کام میں نے اپنا فرض سمجھ کر کیا تھا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری نئی نسل کو قائداعظم کے عملی اقدامات اور نظریات کے ساتھ ساتھ علامہ محمد اقبال کے افکار سے آگہی دلانے کیلئے نظریہ پاکستان ٹرسٹ ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو یہ کردار ادا کرسکتا ہے جہاں آنیوالی نسلوں کو پاکستان بننے کی تاریخ اور اس کی اصل روح سے آگاہ کیا جائے۔ جب اللہ نے مجھے موقع دیا تو بطور وزیراعلی پنجاب میں نے جو کام کیے تو میرے ذہن میں پاکستان ، پاکستان کے عوام کی خدمت کا جذبہ کے ساتھ ساتھ ایسے کام کرنے کی خواہش تھی جو پہلے کسی حکومت نے نہ کیے ہوں۔میرے ہر کام کا محور عام آدمی،غریب آدمی اور ان کے بچے تھے۔ میرا وژن تھا اس طبقہ کی خدمت کروں جسے پہلے کسی حکومت نے ٹچ ہی نہ کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا خاندان چودھری ظہور الہی شہید سے لیکر ابتک مسلم لیگ کے بارے میں ہی سوچتے رہے ہیں۔اللہ کا شکر ہے کہ ہمیشہ مسلم لیگ میں رہ کر ہی کام کیا ہے۔الیکشن کمیشن میں ہماری جماعت کا نام ہی پاکستان مسلم لیگ رجسٹرڈ ہے۔ یہ معلوم نہیں ق لیگ نام کہاں سے رکھ لیا ہے۔ یہاں تو کچھ لوگوں نے مسلم لیگ کو اپنے خاندانی نام سے منسوب کر کے رجسٹر کروایا ہے۔ میں صرف یہ کہوں گا کہ ہماری آنیوالی نسلیں اس بات کو دیکھیں کہ قائداعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر دوقومی نظریہ کی پالیسی دی تھی۔ اس وقت لوگوں کو اسکی سمجھ نہیں آرہی تھی۔ آج لوگوں کو اس کا پتہ چل رہا ہے۔ بھارت کے لوگوں کو آج پوچھیں تو وہ اس نظریہ کی حقیقت آپ کو بتائیں گے کہ یہ نظریہ بالکل درست تھا۔آج بھارت میں ہر مسلمان تنگ ہے۔وہ وہاں گائے ذبح نہیں کر سکتے۔مساجد کو تالے لگ رہے ہیں۔دوقومی نظریہ ہی پاکستان کی بنیاد تھا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات کو قائداعظم کے دوقومی نظریہ کے حوالے سے آگاہ کریں اور آپ اللہ کا شکر ادا کریں کہ پاکستان آپ کو مل گیا۔آئیے مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔آخر میں ، میں قائداعظم کا ایک فرمان آپ کے سامنے دہراﺅں گا کہ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف اسوہ حسنہ ہے۔بے شک دین اسلام ہی ہمارا نظام حیات ہے۔اس میں ہر طبقے کیلئے انصاف موجود ہے۔مضبوط ریاست کی بنیادیں انصاف پر کھڑی ہوتی ہیں۔ہر شعبے میں انصاف کر رواج دینا چاہئے۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو اس مشن میں کامیاب کرے۔ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج کے دن ایک ایسی عظیم شخصیت نے جنم لیا جنہوں نے تاریخ کا دھارا ہی موڑ کر رکھ دیا۔طلبا و طالبات کو قائداعظم کی سوانح عمری پڑھنے اور اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ قائداعظم کی شخصیت ایک مجسم پیکر عمل تھی۔ قائداعظم نے اپنی انتھک محنت اور بااصول سیاسی جدوجہد سے ہمیں یہ آزاد ملک لے کر دیا۔ قائداعظم ہمیشہ سچ بولتے اور منافقت و خیانت سے پاک تھے۔ میرے خیال میں جس شخص کے کردار میں یہ تین خوبیاں موجود ہوں وہ ولی اللہ ہے اور قائداعظم بھی ولی اللہ تھے۔ انہوں نے ہمیں اتنا بڑا ملک لیکر دیا لیکن بدقسمتی سے آج ہم نے اس کا کیا حال کر دیا آپ سب کے سامنے ہے۔قائداعظم نے اپنی دولت، صحت ، جائیداد سب کچھ ملک وقوم کے اوپر قربان کر دیا ۔یہ ملک رحمتِ خداوندی کا نتیجہ ہے۔قائداعظم لالچ ، کرپشن ، جھوٹ اور منافقت سے دور تھے یہ برائیاں ایسی دیمک کی طرح جہاں لگ جائیں پھر وہاں سے پھل نہیں آ سکتا ہے۔آپ نہ خود ایسے ہوں اور نہ ایسے لوگوں کا ساتھ دیں۔بھارت ہمارا ازلی وابدی دشمن ہے جو ہمیشہ ہماری سلامتی کیخلاف سازشوں میں مصروف رہتا ہے۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے جس نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ۔آخر میں صاحبزادہ سلطان احمد علی نے قائداعظم کے بلندی درجات اور ملکی تعمیر وترقی کیلئے دعا کروائی۔پروگرام کے آخر میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں یوم قائداعظم کی مناسبت سے تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کے مابین ہونیوالے انعامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنیوالے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔