راولپنڈی۔28دسمبر (اے پی پی):بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ضیاءاللہ شاہ تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی پی 16 ملک رضوان افسر، …
قائد اعظم محمد علی جناح اور محمدنواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے راولپنڈی میں تقریب ،پارٹی رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعدادمیں شرکت

مزید خبریں
راولپنڈی۔28دسمبر (اے پی پی):بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ضیاءاللہ شاہ تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی پی 16 ملک رضوان افسر، سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری عمران، راجہ قیصر پیا، سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان اور پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ضیاءاللہ شاہ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد ریاست دی جس کی بنیاد قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور اصولوں پر رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منازل طے کیں اور آج بھی عوام ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے مشن پر کاربند ہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی پی 16 ملک رضوان افسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، دیانت داری اور اصول پسندی آج بھی ہماری رہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو آئینی استحکام دیا، بڑے ترقیاتی منصوبے متعارف کروائے اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی قائد اعظم کے افکار اور محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور خودمختار بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
شرکاء نے اس موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ محمد نواز شریف نے ملک کی ترقی، عوامی فلاح اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








