قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ، کینجھر جھیل پر فلوٹنگ سولر پاور پراجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل
قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ، کینجھر جھیل پر فلوٹنگ سولر پاور پراجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور توانائی خودکفالت کی جانب اہم اقدامات جاری ہیں ۔حکومت نے سندھ میں کینجھر جھیل پر 500 میگاواٹ فلوٹنگ سولر پاور پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ۔تفصیلات کے مطابق منصوبے کا مقصد قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دینا اور درآمدی فوسل فیول پر انحصار کم کرنا ہے۔243 ملین ڈالر کے اس منصوبے سے سالانہ 861.91 گیگا واٹ آور بجلی پیدا ہونے کی متوقع ہے۔
منصوبہ انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن ماڈل کے تحت مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔کینجھر جھیل پر فلوٹنگ سولر سسٹم زمین کے استعمال کے بغیر توانائی پیدا کرنے کا جدید حل فراہم کرے گا۔توانائی کے اس منصوبے سے صنعتی اور شہری علاقوں کو بجلی کی مؤثر ترسیل اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔یہ پیش رفت پاکستان کے 2030 کے ماحولیاتی اہداف اور توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کی بدولت پاکستان توانائی بحران پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔








