اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب 1940ء میں قراردادِ لاہور پیش کی گئی، جس نے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے اکابرین کی بصیرت، جدوجہد …
قراردادِ لاہور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزادی کی منزل کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہوئی، اسپیکر سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب 1940ء میں قراردادِ لاہور پیش کی گئی، جس نے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے اکابرین کی بصیرت، جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جن کی بدولت پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قراردادِ لاہور نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزادی کی منزل کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہوئی بلکہ اس نے ایک الگ خودمختار ریاست کے قیام کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں شامل ہمارے قومی ہیروز کی بے مثال قربانیاں اور ان کا جذبہ قومی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق ملک کو ایک مضبوط، مستحکم اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عزم دہرانا چاہیے کہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں پاکستانی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں دہشتگردی، معاشی مشکلات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ہر لمحہ ملک کی حفاظت کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں، اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کے ساتھ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسپیکر نے زور دیا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششیں اور قربانیاں ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی ضمانت ہیں، اور یہی جذبہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے گا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان جمہوریت کے استحکام، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور آئین کی بالادستی ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنانے کی ضمانت ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دیا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم ملک کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو ایک پرامن، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔اسپیکر نے زور دیا کہ ہمیں تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے عظیم شخصیات کی جدوجہد سے سبق لیتے ہوئے پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہر لمحہ متحد رہنا چاہیے اور بانیانِ پاکستان کے وژن کو اپنی قومی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرنا چاہیے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے فلسطینی و کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر ملک کی خوشحالی، ترقی و سلامتی کے لیے دعا کی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفٰی شاہ نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے اکابرین کی قربانیوں اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، متحد اور ذمہ دار قوم ہی ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکتی ہے، اور یومِ پاکستان ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دیا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔ یہی جذبہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال پاکستان دینے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ ہمیں مشترکہ عزم اور قومی یکجہتی کے ساتھ کرنا ہوگا تاکہ ملک کو مزید ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائے، اس کی خودمختاری قائم رکھے اور قوم کو سلامتی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے۔








