قطر، متحدہ عرب امارات ،سعودی عرب اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

پاکستان نے کمرشل بینکوں اور یورو بانڈز کے قرضہ دینے والے اداروں سے کوئی ریلیف مانگا ہے اور نہ ہی ہمارا کوئی ایسا ارادہ ہے، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ قطر، متحدہ عرب امارات ،سعودی عرب اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ قطر اسٹاک ایکسچینج، سولر اور ایل این جی پلانٹس میں سرمایہ کاری کے لیے تین ارب ڈالر کے منصوبے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان کے مختلف شعبوں میں تقریباً پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف اے ڈی بی عوامی مفاد کے منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کرے گا۔انہوں نے عالمی ممالک کی حمایت کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوست ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی مدد سے اقتصادی اور کاروباری شعبوں میں درپیش تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی کرنسی کو ڈالر کے مقابلے میں برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

خطے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت اسٹاک مارکیٹ، کرنسی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ دو ماہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی امداد اور بحالی اتحادی حکومت کی ترجیحات ہیں۔