قومی اسمبلی میں نکتہ ہائے اعتراض پرمختلف عوامی اورانتظامی مسائل پربحث

قومی اسمبلی میں بدھ کو اراکین نے نکتہ ہائے اعتراض پر مختلف عوامی اور انتظامی مسائل اجاگرکئے۔ عالیہ کامران نے نکتہ اعتراض پرکفائت شعاری اقدامات کی موثریت پرسوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ کفایت شعاری اقدامات کے باوجود پیٹرول کاامپورٹ بل 500ملین ڈالربڑھ گیاہے، اس کامطلب ہے کہ کھپت زیادہ ہوگئی ہے اوراقدامات سے فائدہ نہیں ہوا

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں بدھ کو اراکین نے نکتہ ہائے اعتراض پر مختلف عوامی اور انتظامی مسائل اجاگرکئے۔ عالیہ کامران نے نکتہ اعتراض پرکفائت شعاری اقدامات کی موثریت پرسوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ کفایت شعاری اقدامات کے باوجود پیٹرول کاامپورٹ بل 500ملین ڈالربڑھ گیاہے، اس کامطلب ہے کہ کھپت زیادہ ہوگئی ہے اوراقدامات سے فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ایم ٹیگ کے باوجود چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں جس سے شہریوں کوپریشانی کاسامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کفایت شعاری اقدامات کے تھرڈپارٹی آڈٹ کا بھی اعلان کیاگیا تھا ،اس میں اب تک کتنی پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے ایس ڈی جیز کے تحت فنڈز فراہم کرنے کامطالبہ بھی کیا۔ایم کیوایم پاکستان کے وسیم حسین نے کہاکہ پاورڈویژن کی جانب سے 17سے 21گریڈ کے افسران کیلئے بجلی کے مفت یونٹس ختم کئے گئے ہیں،یہ ایک اچھا قدم ہے،یہ سلسلہ جاری رکھا جائے اوراس کے دائرہ کار کووسعت دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ وزارت کی جانب سے بعض ڈسکوز کی نجکاری کاکہاجارہاہے، حیسکو میں 48فیڈرز لوڈشیڈنگ فری ہوچکے ہیں، اس کامطلب ہے کہ کمپنی کی حالت بہترہوگئی ہے۔ اس صورت میں اس کی نجکاری کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہاکہ جینکوز کے نکالے گئے ملازمین کوڈسکوز میں ایڈجسٹ کیا جائے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان نے کہاکہ ان کے حلقہ میں پینے کیلئے صاف پانی کابڑا مسئلہ ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میرے حلقہ کیلئے خصوصی پراجیکٹ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں گیس کے وسیع ذخائردریافت ہوئے ہیں مگرمقامی لوگوں کوگیس کی فراہمی کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ 2022کے سیلاب میں ان کے حلقہ میں جاں بحق ہونے والوں میں صرف 40لواحقین کومعاوضے ملے ہیں مگرجو38ہزارافراد بے گھرہوگئے تھے، ان کی ابھی تک کوئی مالی امدادنہیں کی گئی۔انہوں نے متاثرین کے حقوق کیلئے بھوک ہڑتال کرنے کااعلان بھی کیا۔شازیہ صوبیہ اسلم نے کہاکہ پنوں عاقل میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے،ٹرانسفرمر جلنے پرشکایات کاازالہ نہیں کیا جارہاہے،پنوں عاقل سے نیشنل ہائی وے گذررہی ہے جس کی حالت مخدوش ہے اوراس کی مرمت ہونی چاہیے۔