قومی اسمبلی نے ذوالفقارعلی بھٹو کوقومی شہید قرار دینے کی قرارداد کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہیدقراردینے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جام عبدالکریم بجارنے اس حوالہ سے قراردادایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے قراردارایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بانی پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم …

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہیدقراردینے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جام عبدالکریم بجارنے اس حوالہ سے قراردادایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے قراردارایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بانی پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے ملک کی سیاسی، جمہوری، سماجی اور ایٹمی پالیسیوں میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔

ان کی قومی اتحاد، عوام کی فلاح و بہبود، جمہوری اداروں کے استحکام اور پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے قیام کے لیے کو ششیں وسیع پیمانے پر تسلیم کی گئی ہیں۔ 4 اپریل 1979 ء کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی۔

متن کے مطابق کروڑوں پاکستانی شہری انہیں ایک ایسے قومی رہنما کے طور پر یاد کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جان قربان کی۔ ایوان قرار دیتا اور سفارش کرتا ہے کہ وفاقی حکو مت شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر قومی شہید قرار دے اور ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ان کی شہادت کو قومی تاریخ اور جمہوری ریکارڈ میں تسلیم کرے۔مزید یہ کہ متعلقہ وفاقی ادارے، نصاب اور قومی آرکائیوز میں ان کی خدمات اور قومی کردار کو مناسب طور پر شامل کیا جائے۔