اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس( کل)جمعرات کو ہوگا جس میں اینٹی منی لانڈرنگ، اوگرا اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سمیت 7 اہم ترمیمی بلز متعارف کروائے جائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ادویات کے معیار کی جانچ کیلئے لیبارٹریز کی کمی جیسے عوامی مسائل پر بھی بحث کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری آرڈر آف ڈے کے مطابق ایوان کی کارروائی کا آغاز …
قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ہوگا ،اینٹی منی لانڈرنگ، اوگرا اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سمیت 7 اہم ترمیمی بلز متعارف کروائے جائیں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس( کل)جمعرات کو ہوگا جس میں اینٹی منی لانڈرنگ، اوگرا اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سمیت 7 اہم ترمیمی بلز متعارف کروائے جائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ادویات کے معیار کی جانچ کیلئے لیبارٹریز کی کمی جیسے عوامی مسائل پر بھی بحث کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری آرڈر آف ڈے کے مطابق ایوان کی کارروائی کا آغاز روایتی طور پر تلاوت، نعت اور قومی ترانے سے ہوگا جس کے فوری بعد وقفہ سوالات میں مختلف وزارتوں سے متعلق اراکین کے سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔ کابینہ سیکرٹریٹ کے وزیر انچارج اینٹی منی لانڈرنگ، قومی دستاویزات (آرکائیوز)، متروکہ املاک، نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور اوگرا قوانین میں ترمیم کے بلز پیش کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ الیکٹرانک ٹرانزیکشنز اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی پاکستان اسٹڈی سینٹرز ایکٹ میں ترمیم لائیں گے۔خیبر پختونخوا میں بجلی کی صورتحال پر اراکین اسمبلی شہریار آفریدی، علی محمد خان اور دیگر کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس پیش کیا جائے گا جس میں صوبے میں لوڈشیڈنگ کی سنگین صورتحال پر وزیر توانائی وضاحت کریں گے۔ اسی طرح ادویات کی سرٹیفیکیشن کیلئے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کی عدم موجودگی کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترمیم کا بل (تیسری ترمیم، 2025) منظور کرانے کے لیے پیش کریں گے۔ اجلاس کے دوران صدرِ پاکستان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کئے گئے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بھی بحث جاری رہے گی۔








