قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی وزیر تعلیم سندھ سے ملاقات، نوجوانوں کی قیادت کو فروغ دینے، منشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق تبادلہ خیال

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) کی صدر رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی سربراہی میں وائی پی ایف کے وفد نے جمعرات کے روز وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ بھر میں نوجوانوں کی قیادت کو فروغ دینے، منشیات کے استعمال کی روک تھام، ماحولیاتی آگاہی کے فروغ اور حکمرانی …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) کی صدر رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی سربراہی میں وائی پی ایف کے وفد نے جمعرات کے روز وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ بھر میں نوجوانوں کی قیادت کو فروغ دینے، منشیات کے استعمال کی روک تھام، ماحولیاتی آگاہی کے فروغ اور حکمرانی کے عمل میں نوجوانوں کی موثر شمولیت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ طلبہ اور سکول سے باہر نوجوان منشیات کے استعمال، ہراسانی، ذہنی صحت کے مسائل اور غیر محفوظ آن لائن رویوں کے خطرات سے بڑھتے ہوئے طور پر دوچار ہیں۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ سکولوں، کالجوں اور کمیونٹی سطح کے پروگرامز کے ذریعے بروقت آگاہی اور تدارک ناگزیر ہے جس کے لیے نصاب میں شعور بیدار کرنے والے مضامین، موثر کونسلنگ کے نظام اور وزارتِ صحت و انسدادِ منشیات کے اداروں کے ساتھ مضبوط بین الوزارتی تعاون ضروری ہے۔ملاقات میں نوجوانوں کی گورننس کے عمل میں علامتی شرکت کے بجائے بامعنی شمولیت پر بھی زور دیا گیا۔ اس ضمن میں شہریوں کو شعور کی تعلیم کے پلیٹ فارمز، رہنمائی (مینٹورشپ) پروگرامز، پالیسی لیبز اور مشقاتی سرگرمیوں کے ذریعے قیادت سازی کی تجاویز زیر غور آئیں۔ وائی پی ایف کے فلیگ شپ منصوبے ’’یوتھ ایمبیسیڈر پروگرام‘‘ کو طلبہ کو پارلیمنٹ اور صوبائی اداروں سے جوڑنے کا موثر ذریعہ قرار دیا گیا جس کے ذریعے ذمہ دار اور آئینی شعور رکھنے والے نوجوان تیار کیے جا سکتے ہیں۔

فریقین نے گرین انیشیٹیوز اور ماحولیاتی خواندگی کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی تعلیم اور پائیدار طرز عمل کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔مزید برآں وائی پی ایف اور محکمہ تعلیم سندھ کے مابین مشترکہ سرگرمیوں کے فریم ورک پر غور کیا گیا جس میں سیمینارز، آگاہی مہمات اور ’’کھلی کچہری‘‘ طرز پر یوتھ کنونشنز کے انعقاد کی تجویز شامل ہے تاکہ نوجوانوں اور منتخب نمائندوں کے مابین موثر مکالمہ قائم ہو اور پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

وائی پی ایف کے وفد میں رکن قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری وائی پی ایف نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، رکن قومی اسمبلی و انفارمیشن سیکرٹری وائی پی ایف محمد اقبال خان، رکن قومی اسمبلی اویس حیدر جھکر، رکن قومی اسمبلی شائستہ خان، منیجر وائی پی ایف راجہ محمد علی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایف ای اے راجہ شعیب اکبر شامل تھے۔ملاقات میں سندھ اسمبلی کے اراکین اور وائی پی ایف سندھ صوبائی چیپٹر کے اراکین بھی شریک تھے جن میں خرم کریم سومرو، شاریق جمال، محمد دانیال، بلال جدون اور محمد عامر شامل ہیں۔

وزارت صحت سندھ اور سندھ حکومت کی انسداد منشیات فورس کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔صدر ینگ پارلیمنٹیرینز فارم و رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کا وفد کے پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مشاورت سندھ میں نوجوانوں کے لیے عملی اور ٹھوس نتائج میں تبدیل ہوگی بالخصوص منشیات کے تدارک اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید خبریں