قومی ترقی، معاشی استحکام اور پائیدار خوشحالی کا خواب محنت کش طبقے کی شبانہ روز محنت اور لگن سے وابستہ ہے،قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا عالمی یومِ مزدور کے موقع پر خصوصی پیغام

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یکم مئی محض ایک دن نہیں بلکہ محنت، جدوجہد، انسانی وقار اور سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کا استعارہ ہے،یہ دن دنیا بھر میں محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا جاتا ہے

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یکم مئی محض ایک دن نہیں بلکہ محنت، جدوجہد، انسانی وقار اور سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کا استعارہ ہے،یہ دن دنیا بھر میں محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا جاتا ہے اور ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو مزدوروں نے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے پیش کیں۔عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یکم مئی کی تاریخی اہمیت امریکہ کے شہر شکاگو میں پیش آنے والے ”Haymarket” واقع سے جڑی ہوئی ہے جہاں مزدوروں نے آٹھ گھنٹے کے اوقاتِ کار کے لئے پرامن احتجاج کیا۔ اس دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعہ نے دنیا بھر میں مزدور تحریک کو ایک نئی سمت دی اور انہی قربانیوں کی یاد میں یکم مئی کو عالمی یومِ مزدور کے طور پر منایا جانے لگا۔قائم مقام صدر پاکستان نے کہا کہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور پائیدار خوشحالی کا خواب محنت کش طبقے کی شبانہ روز محنت اور لگن سے وابستہ ہے، محنت کش درحقیقت کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے بغیر ترقی کا کوئی تصور مکمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان دونوں محنت کشوں کے احترام، ان کے حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کی فراہمی پر زور دیتے ہیں، ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کو باعزت روزگار، منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ اور محفوظ کام کا ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔قائم مقام صدر پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمان نے ہمیشہ مزدوروں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے مؤثر آواز بلند کی ہے اور اس حوالے سے قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمان مزدور دوست قوانین، بہتر اجرت، سماجی تحفظ، محفوظ کام کے ماحول اور فلاحی اقدامات کے فروغ کے لئے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ان کے مسائل کا پائیدار اور مؤثر حل یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ زرمبادلہ کی صورت میں ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کے حقوق کا تحفظ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ مزدور ہمیں محنت کشوں کی خدمات کو تسلیم کرنے، ان کی جدوجہد کو سراہنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے، موجودہ عالمی معاشی حالات کے تناظر میں اس دن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پارلیمان مزدوروں کے حقوق، سماجی انصاف اور ایک منصفانہ و مساوی معاشرے کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔