قومی سلامتی پر سیاست افسوسناک، پی ٹی آئی کا بریفنگ میں نہ آنا غیر سنجیدہ عمل ہے۔ زاہد ملک

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی سلامتی پر ان کیمرہ بریفنگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر سنجیدہ اور افسوسناک طرزِ عمل قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہاکہ قومی سلامتی جیسے نہایت اہم اور حساس معاملے پر بریفنگ سے گریز کرنا …

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی سلامتی پر ان کیمرہ بریفنگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر سنجیدہ اور افسوسناک طرزِ عمل قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہاکہ قومی سلامتی جیسے نہایت اہم اور حساس معاملے پر بریفنگ سے گریز کرنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے نازک مواقع پر سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر قومی یکجہتی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دینا ہر سیاسی جماعت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔

زاہد ملک نے پی ٹی آئی کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جب بات پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور مستقبل کی ہو تو سیاست کو کیوں حاوی کر دیا جاتا ہے؟ قومی سلامتی پر بریفنگ میں عدم شرکت دراصل قومی اتفاقِ رائے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی قوتوں، بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں اور سنجیدہ فورمز پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پر سیاست نہیں بلکہ مکمل یکجہتی کی ضرورت ہے۔