ملتان۔ 13 جنوری (اے پی پی):قومی یکجہتی اور پیغامِ پاکستان کے فروغ کے لیے ملتان میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان و سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شہرِ اولیا ملتان میں …
قومی سلامتی کے اداروں پر فخر ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

مزید خبریں
ملتان۔ 13 جنوری (اے پی پی):قومی یکجہتی اور پیغامِ پاکستان کے فروغ کے لیے ملتان میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان و سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شہرِ اولیا ملتان میں اس کانفرنس کا مقصد قومی محبت، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین المذاہب ہم آہنگی سے بھرپور اور دہشت گردی سے پاک بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں یہ ملک وجود میں آیا، اب ہم پر لازم ہے کہ ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فتحِ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کامیابی عطا فرمائی۔ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے قوم کا وقار بلند کیا جو امتِ مسلمہ کے سپہ سالار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غرور پاکستانی افواج نے خاک میں ملا دیا اور اللہ تعالیٰ نے جنگ میں پاکستان کی مدد فرمائی، جبکہ فیلڈ مارشل نے ایک نڈر اور مضبوط فوج کی قیادت کی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کے اداروں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا ہے جبکہ ترکیہ بھی پاکستان کے ساتھ شراکت کا خواہاں ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ یہ کون لوگ ہیں جو دہشت گردی پھیلانا چاہتے ہیں، ہم ان کے ایجنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علما اپنے ملک اور افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پیغامِ پاکستان میں دہشت گردی اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ مساجد امن کا گہوارہ ہیں اور ہم سب مل کرملک کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب علما کے وقار کو شرف بخش رہی ہیں۔








