قومی شاعر اور فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ہمارے نظریاتی رہنما ہیں، مسعود خان

واشنگٹن۔9نومبر (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس میں شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاعر اور فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ہمارے نظریاتی رہنما ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی تقریب کے شرکاکو بتایا کہ علامہ محمد اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور ہم ان کے خواب …

واشنگٹن۔9نومبر (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس میں شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاعر اور فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ہمارے نظریاتی رہنما ہیں۔

انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی تقریب کے شرکاکو بتایا کہ علامہ محمد اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور ہم ان کے خواب کا مظہر ہیں۔ سفارتخانے کی جانب سے انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز، یو ایس اے، صادقین فاؤنڈیشن، یو ایس اے اور صدیقین گیلری آف شکاگو کے تعاون سے مشہور خطاط، مصور اور شاعر احمد نقوی المعروف سید صادقین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

علامہ اقبال کی زندگی اور مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ہمارے نظریاتی رہنما ہیں اور جب ہم کسی سمت کی تلاش میں ہوتے ہیں تو ہم اقبال کا حوالہ دیتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں ریاست پاکستان کی نظریاتی بنیاد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بہترین شاعر کی فکر نے پورے جنوبی ایشیا، افغانستان اور ایران کو متاثر کیا ہے۔ان کا فلسفہ صرف برصغیر تک محدود نہیں تھا۔

مسعود خان نے کہا کہ علامہ اقبال نے 20ویں صدی کے اواخر یا 21ویں صدی کے اوائل میں اس سوچ کے تیار ہونے سے پہلے تہذیبوں کے اتحاد کی بات کی۔مسعود خان نے کہا کہ علامہ اقبال قرآن اور اسلام کے مستند مفسرین میں سے ایک تھے۔اگر ہم قرآن کو عصری تناظر میں سمجھنا چاہتے ہیں تو ہمیں اقبال کا مطالعہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے علماء اور مذہبی اسکالرز اسلام میں کچھ پیچیدہ افکار کی وضاحت کیلئے اقبال کے افکار کا حوالہ دیتے ہیں۔ علامہ اقبال کی شاعری ایک آفاقی ورثہ ہے۔

صادقین کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسعود خان نے شکاگو میں اردو گھر میں منعقدہ نمائش کے اپنے دورے کو یاد کیا۔ سفیر نے صادقین فاؤنڈیشن کی جانب سے لیجنڈ فنکار کے لیے خدمات کی تعریف کی۔ تقریب سے غضنفر ہاشمی، انور اقبال، ڈاکٹر آصف قدیر، سابق سینیٹر اکبر خواجہ، فیض رحمٰن اور ریاض نیازی نے بھی فکر اقبال کی مختلف جہتوں اور زاویوں پر روشنی ڈالی۔