قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کیلئے محنت کرنی پڑے گی۔ انضمام الحق

لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جیت کے لئے کافی محنت کرنی پڑے گی‘ بلے بازوں کو جلد بازی کی بجائے وکٹ پر ٹھہرنے کو ترجیح دینا ہوگی‘ محمد عامر کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ٹھیک نہیں تھا۔ جمعرات کو ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ بابراعظم اس وقت کامیاب ترین بلے باز ہیں‘ ان کی عدم موجودگی میں ٹیم کو مشکل تو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں کو جلد بازی کا نقصان ہوسکتا ہے، وکٹ پر ٹھہرنے کو ترجیح دینا ہوگی، آخری ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا، نیوزی لینڈ ٹیم اپنی کنڈیشنز میں کافی ٹف ٹیم رہی ہے، قومی ٹیم کو جیت کے لئے کافی محنت کرنی پڑے گی۔ انضمام الحق نے محمد رضوان کےلئے بطور کپتان نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ وہ اچھی کپتانی کریں، ڈومیسٹک کے تجربے سے محمد رضوان کو کپتانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ٹھیک نہیں تھا، اگر ان کو کوئی مسئلہ تھا تو پی سی بی سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت کرنے والوں کو ایسے کرکٹ نہیں چھوڑنی چاہیے۔ انضمام الحق نے نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔