قومی پیغام امن کمیٹی کے تعاون سے اسلامی تحریک پاکستان کے تحت منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس کا اعلامیہ
قومی پیغام امن کمیٹی کے تعاون سے اسلامی تحریک پاکستان کے تحت منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس کا اعلامیہ

مزید خبریں
لاہور۔26مارچ (اے پی پی):قومی پیغام امن کمیٹی کے تعاون سے اسلامی تحریک پاکستان (شیعہ علماء کونسل) کے تحت منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کانفرنس متفقہ طور پر حکومت پاکستان کی موجودہ خارجہ و داخلہ پالیسی بالخصوص ایران امریکہ اسرائیل جنگ اور ایران اور عرب ممالک کے درمیان پیدا ہوئی صورتحال میں امن و سلامتی کیلئے کردار ادا کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تحسین کرتے ہوئے اپنے تمام تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ایران عرب اسلامی ممالک کے درمیان مذاکرات اور امن کیلئے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر بھرپور کردار ادا کریں۔ لاہور میں ہونے والی کانفرنس کی صدارت چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر وزیر اعظم و قومی پیغام امن کمیٹی حکومت پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔
کانفرنس سے علامہ اشتیاق کاظمی ، حافظ کاظم رضا ، علامہ محمد حسین اکبر ، علامہ افضل حیدری، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، حافظ اسعد عبید ، ڈاکٹر مجید ایبل ، مفتی عاشق حسین ، ڈاکٹر آصف اکبر میر ، علامہ اصغر عارف چشتی ، قاری مبشر ، مولانا سید اسامہ بخاری ، پیر نو بہار شاہ ، مفتی شاہد عبید ، مولانا شفقت حسین اور دیگر علماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے فلسطین الاقصیٰ ، مملکت سعودی عرب ارض حرمین شریفین ، عراق اور ایران کے مقدس مقامات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا اور اگر کسی اسلام دشمن قوت نے اپنے ناپاک قدم بڑھائے تو متحد ہو کر ان کو روکیں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ اجتماع لبنان میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی بھی بھرپور مذمت کرتا ہے اور گذشتہ 27 روز سے الاقصیٰ کے دروازے اسرائیل کی طرف سے بند کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم سے اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ اجتماع کل (مورخہ 27 مارچ کو) ملک بھر میں قومی پیغام امن کمیٹی کی اپیل پر یوم استحکام پاکستان منانے کے اعلان کی تائید کرتا ہے ، خطبا ، علماء و مشائخ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عوام الناس کو داخلی استحکام کے حوالے سے مکمل آگاہی دیں اور امن کیلئے جمعۃ المبارک کے بعد خصوصی دعا کروائیں۔








