لاہور،ڈیفنس میں کمسن گھریلو ملازم بچیوں پر مبینہ تشدد، مقدمہ درج

پولیس نے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کم سن گھریلو ملازم بچیوں پر مبینہ تشدد پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

لاہور۔4مئی (اے پی پی):پولیس نے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کم سن گھریلو ملازم بچیوں پر مبینہ تشدد پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں ڈیفنس سی تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں بچیوں کے والدین اور مالکان کو نامزد کیا گیا ہے۔ متاثرہ بچیوں گلشن اور ثمرین کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران بچیوں نے بیان دیا ہے کہ انہیں ملازمت کے دوران مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق بچیاں تشدد سے تنگ آ کر مالکان کے گھر سے فرار ہوئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بچیوں کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ بچیوں کا طبی معائنہ بھی کروایا جا رہا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔