لاہور ، جائیداد فراڈ کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت پر ریکارڈ طلب

لاہور ہائیکورٹ نے سات کنال جائیداد اور فردِ ملکیت کے فراڈ سے متعلق کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا۔

لاہور۔13اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سات کنال جائیداد اور فردِ ملکیت کے فراڈ سے متعلق کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست گزار انوار احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے اراضی کی فرد سے متعلق ایگریمنٹ کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر بائیومیٹرک تصدیق کروائی جاتی تو ایسے مسائل پیدا نہ ہوتے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار پر فردِ بیع کے اجرا اور منسوخی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، اور مخالف فریق نے سول عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر کے ہراساں کیا۔ مزید کہا گیا کہ اینٹی کرپشن اور سیشن عدالت میں درخواستیں دائر کر کے دباو ڈالا گیا۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔ ملزم کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج ہے۔