اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ کے زیرِ اہتمام لوک میلہ 2025 آج تیسرے روز بھی بھرپور عوامی شمولیت کے ساتھ جاری رہا، جہاں ملک بھر سے آئے ہزاروں افراد نے لوک ثقافت، دستکاریوں، علاقائی کھانوں اور روایتی ورثے سے لطف اندوز ہونے کے لیے میلے کا رخ کیا۔ دن بھر کی سرگرمیوں کے بعد آج کی شام اور رات کا اختتام نہایت پُرجوش اور دلکش پنجاب کلچرل نائٹ کے …
لوک ورثہ کے زیرِ اہتمام لوک میلہ 2025 آج تیسرے روز بھی بھرپور عوامی شمولیت کے ساتھ جاری رہا

مزید خبریں
اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):لوک ورثہ کے زیرِ اہتمام لوک میلہ 2025 آج تیسرے روز بھی بھرپور عوامی شمولیت کے ساتھ جاری رہا، جہاں ملک بھر سے آئے ہزاروں افراد نے لوک ثقافت، دستکاریوں، علاقائی کھانوں اور روایتی ورثے سے لطف اندوز ہونے کے لیے میلے کا رخ کیا۔
دن بھر کی سرگرمیوں کے بعد آج کی شام اور رات کا اختتام نہایت پُرجوش اور دلکش پنجاب کلچرل نائٹ کے ساتھ ہوا۔لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہونے والی پنجاب کلچرل نائٹ میں پنجاب کے معروف لوک گلوکاروں اور فنکاروں نے روایتی موسیقی، رقص اور سازوں کی دلکش پیشکش سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ ڈھول، چمٹا، بانسری، تمبی اور دیگر روایتی سازوں کی مدھم اور تیز دھنوں نے محفل کو ایک الگ ہی رنگ بخشا۔
حاضرین کی جانب سے خوب تالیاں اور داد قابلِ دید تھیں، جس سے پنجاب کی ثقافتی حرارت اور موسیقی کی روح پوری طرح نمایاں ہوئی۔دن اور رات کے مختلف اوقات میں وزیٹرز نے دستکاریوں کے اسٹالز، لوک تھیٹر، اوپن مائیک سرگرمیوں، بچوں کے لیے خصوصی پروگرام اور تمام صوبوں کے ثقافتی پویلینز کا دورہ کیا۔
پنجاب پویلین آج خصوصی توجہ کا مرکز رہا، جہاں خطے کی روایتی دستکاری، کپڑے، خطاطی، ادبی ورثہ اور لائیو ڈیمونسٹریشنز نے شرکاء کو پنجاب کی ثقافت سے قریب تر کردیا۔
لوک میلہ 2025 اپنی رنگا رنگ سرگرمیوں، ثقافتی شوز اور روزانہ کی تھیم نائٹ پرفارمنسز کے ساتھ 16 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔ میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔








