لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف تجاوزات مسمار، غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کردیا

لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف تجاوزات مسمار، غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کردیا

کراچی۔ 05 جولائی (اے پی پی):کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر کیماڑی ڈویژن میں لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیا گیاجس میں اسسٹنٹ کمشنر کیماڑی، مختیارکار، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی ٹیموں اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا جبکہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے ہیوی مشینری بھی استعمال کی گئی۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران لیاری ایکسپریس وے کے اطراف قائم غیر قانونی تعمیرات، عارضی ڈھانچے، تجاوزات اور دیگر رکاوٹوں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ شاہراہ کے اطراف قائم غیر قانونی پارکنگ بھی ختم کرا دی گئی۔ آپریشن بعد سڑک اور اطراف کے علاقے کو کلیئر کر دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم ہو۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تجاوز ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے واضح کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیماڑی ڈویژن میں کیا جانے والا یہ آپریشن شہر بھر میں جاری اینٹی انکروچمنٹ مہم کا حصہ ہے، جس کا بنیادی مقصد عوامی مقامات، شاہراہوں اور سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنا، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ان مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ دوبارہ غیر قانونی قبضے قائم نہ ہو سکیں۔