لیبیا ،بحیرہ روم میں ڈوبنے والی کشتی کے 4 مسافر پانچ روز بعد زندہ مل گئے

لیبیا کے قریب یورپ جانے کی کوشش میں پانچ روز قبل ڈوبنے والی کشتی میں سوار چار تارکین کو بچا لیا گیا ۔اردو نیوز کے مطابق لیبیا کے ذرائع اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے بتایا کہ تارکین کی کشتی پانچ روز قبل بحیرہ روم میں لیبیا کے علاقے توبروک کے قریب ڈوب گئی تھی۔

طرابلس۔21اپریل (اے پی پی):لیبیا کے قریب یورپ جانے کی کوشش میں پانچ روز قبل ڈوبنے والی کشتی میں سوار چار تارکین کو بچا لیا گیا ۔اردو نیوز کے مطابق لیبیا کے ذرائع اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے بتایا کہ تارکین کی کشتی پانچ روز قبل بحیرہ روم میں لیبیا کے علاقے توبروک کے قریب ڈوب گئی تھی۔اس کشتی پر سوار 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چھ کی لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں جبکہ 31 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ بچ جانے والے چار افراد نے پانچ روز پانی میں گزارنے کے باوجود ہار نہیں مانی اور بالآخر ایک کشتی کی نظر میں آ گئے۔

آئی ایم او کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کشتی پر سوار افراد کا تعلق مصر اور سوڈان سے تھا۔لیبیا کو ایسے تارکین وطن کے لیے ایک ٹرانزٹ روٹ سمجھا جاتا ہے جو سمندر کے راستے غیرقانونی طور پر یورپ کی طرف جانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم اس سے قبل بھی ایسے بے شمار واقعات ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں لوگ سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہوئے۔