لیسکو صارفین کو درست میٹرنگ وشفاف بلنگ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، محمد رمضان بٹ

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)صارفین کو شفاف، درست اور قابلِ اعتماد میٹرنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اے ایم آئی سمارٹ میٹرنگ سسٹم کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے

لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)صارفین کو شفاف، درست اور قابلِ اعتماد میٹرنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اے ایم آئی سمارٹ میٹرنگ سسٹم کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق اے ایم آئی سمارٹ میٹرز جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام ہے، جس کے ذریعے میٹر ریڈنگ، بجلی کے استعمال ودیگر متعلقہ معلومات خودکار طور پر حاصل اور مانیٹر کی جاتی ہیں،اس سے میٹرنگ کے عمل میں شفافیت اور درستگی میں اضافہ ہوتا ہے۔میٹر اور مرکزی نظام کے درمیان کمیونیکیشن کے ذریعے میٹرنگ ڈیٹا کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ کسی بھی عارضی کمیونیکیشن تعطل یا تکنیکی خرابی کی صورت میں اسے مقررہ طریقہ کار کے مطابق چیک اور حل کیا جاتا ہے۔

لیسکو کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تکنیکی مسئلے کی صورت میں میٹرنگ ڈیٹا کی جانچ اور تصدیق کے بعد ضروری اصلاحات باقاعدہ طریقہ کار کے تحت کی جاتی ہیں تاکہ بلنگ کا عمل درست و شفاف اور صارفین کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان نے کہاکہ لیسکو صارفین کسی بھی مسئلے یا معلومات کی صورت میں غیر مصدقہ ذرائع پر انحصار کرنے کے بجائے لیسکو کے مستند ذرائع سے تصدیق کریں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ صارفین کو درست میٹرنگ اور شفاف بلنگ کی فراہمی لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سسٹمز کی مسلسل مانیٹرنگ اور تکنیکی مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کا لیسکو کے نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔