دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے ایک بار پھر فٹ بال کی تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریا کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2 گول داغ کر اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے (راؤنڈ آف 32) میں پہنچا دیا۔
لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، ارجنٹائن کی آسٹریا کے خلاف شاندار فتح

مزید خبریں
ڈلاس۔23جون (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے ایک بار پھر فٹ بال کی تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریا کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2 گول داغ کر اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے (راؤنڈ آف 32) میں پہنچا دیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق ڈلاس ،سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جے کے اس اہم میچ میں ارجنٹائن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریا کو 0-2 سے شکست دی۔ میچ کا آغاز 38 سالہ لیونل میسی کے لیے کچھ مایوس کن رہا جب وہ کھیل کے آغاز میں ہی ایک پنالٹی ضائع کر بیٹھے اور گول کرنے کے کچھ آسان مواقع بھی گنوا دئیے جس سے دفاعی چیمپئن کو روکنے کی کوششوں میں مصروف آسٹریا کی ٹیم کو کچھ حوصلہ ملا۔ تاہم ارجنٹائن نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 38 ویں منٹ میں فاکنڈو مدینا کے پاس پر کپتان لیونل میسی نے اپنے روایتی انداز میں بائیں پاؤں سے خوبصورت گول کر کے ٹیم کو آسٹریا کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلائی۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں لیونل میسی کا 17 واں گول تھا جس کے ساتھ ہی انہوں نے جرمنی کے مائیکل کلوز کا 16 گولز کا دیرینہ ریکارڈ توڑ کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کا غلبہ برقرار رہا اور کھیل کے آخری لمحات یعنی سٹاپج ٹائم میں لیونل میسی نے جولین الواریز کی کوشش پر آسٹریا کے گول کیپر سے گیند واپس آنے پر پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دوسرا اور ورلڈ کپ کی تاریخ کا مجموعی طور پر 18 واں گول کر کے ٹیم کی فتح پر مہر لگا دی۔ اس شاندار جیت کے بعد ارجنٹائن نے گروپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔








