ابوظہبی ۔23دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات سے انسانی امداد لے کر مزید تین قافلے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوگئے۔اردو نیوز کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد موجودہ صورتحال کے دوران فلسطینی عوام کی مدد اورمعاونت کرنا ہے۔
غزہ پہنچنے والے امدادی قافلے 30 ٹرکوں پر مشتمل ہیں، جن پر495.1 ٹن سے زیادہ امدادی سامان موجود ہے۔ اس سامان میں خوراک، موسم سرما کے ملبوسات اور دیگر اشیائے ضرورت موجود ہیں۔امارات کی جانب سے غزہ بھیجے گئے امدادی قافلوں کی تعداد 144 ہو گئی ہے، جن میں ایک ہزار 237 ٹرک شامل تھے۔
اب تک متحدہ عرب امارات نے زمینی راستے سے28 ہزار ٹن سے زیادہ امدادی سامان غزہ بھیجا ہے۔ متحدہ عرب امارات غزہ میں انسانی اور امدادی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، اس اقدام کا مقصد بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔